باجوڑایجنسی ،عنایت کلی بازا رمیں بند19دکانیں دس ماہ بعد دوبارہ کھول دی گئی

منگل 20 دسمبر 2016 16:46

باجوڑایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2016ء) باجوڑایجنسی کی عنایت کلی بازا رمیں بند19دکانیں دس ماہ بعد دوبارہ کھول دی گئی ۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل شاہین مظہر محمودنے انسانی ہمدردی جذبے کے تحت باجوڑایجنسی میں بند کی گئی 19دکانیں دوبارہ کھولنے کی احکاما ت صادر کی ۔ جس کے بعد باجوڑ سکائوٹس کے کرنل نعیم اکبراور پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئرعامرخٹک نے ایک گرینڈ جرگے میں دکانیں دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا۔

جرگے میں سابق گورنر خیبر پختونخوا ہ انجینئر شوکت اللہ خان ، پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئر عامر خٹک ، کرنل نعیم اکبر ، انیس خان ، ہمایوں خان اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر خیبر پختونخواہ انجینئر شوکت اللہ خان نے قبائلی عمائدین کی جانب سے ایف سی حکام اورخصوصاًً آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دکانیں دوبارہ کھولنے کی احکامات جاری کی ۔

(جاری ہے)

شوکت اللہ خان نے کہا کہ قبائلی عمائدین نے امن وامان کی بحالی کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ لڑکر قربانیاں دی اور ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیاہیں۔ شوکت اللہ خان نے کہا کہ قبائلی عمائدین آئندہ بھی سکیورٹی فورسز کیساتھ شانہ بشانہ ہونگے ۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کرنل نعیم اکبر نے کہا کہ آئی جی ایف سی نے انسانی ہمدردی جذبے کے تحت بند دکانیں دوبارہ کھولنے کی احکامات جاری کی ۔

انہوں نے کہاکہ اس میں سابق گورنر شوکت اللہ خان ، ایم این ایز ، سینیٹر اور قبائلی عمائدین نے کوششیں کی ۔ جرگے سے پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئر عامر خٹک اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء ہمایوں خان اور انیس خان نے دکانوں کے دوبارہ کھولنے کی اجازت دینے پر آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے سابق گورنر انجینئر شوکت اللہ خان، پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئر عامرخٹک ،کمانڈنٹ باجوڑ سکائوٹس کرنل نیئر زمان ، کرنل نعیم اکبر اور قبائلی مشران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کامیاب جرگہ کرکے دکانیں دوبارہ کھولنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ یادرہے کہ مذکورہ دکانیں یکم مارچ 2016؁ء کونامعلوم افراد کی جانب سے ایف سی اہلکار کو قتل کرنے کے بعد بند کی گئی تھی ۔