سوشل ویلفیئر کے اداروں کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جائے گی،افشین بٹ

منگل 20 دسمبر 2016 16:02

ملتان۔20 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء)سوشل ویلفیئر ملتان کی چیئرپرسن اور پبلک فیسیلٹیشن آفیسر افشین بٹ نے کہا ہے کہ خواتین کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرنا میر امشن ہے ۔سوشل ویلفیئر کے ذیلی ادارے دارالامان ،دارالفلاح ،گہوارہ سنٹر ،نگہبان،شہید بے نظیر وومن کرائسسز سنٹر سمیت دیگر ادارے خواتین کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے سرگرم ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جو ذمہ داریاں مجھے سونپی گئی ہیں میں انہیں احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کرونگی۔سوشل ویلفیئر کے کچھ اداروں میں جاری بے ضابطگیوں کودور کرنے کی کوشش کرونگی۔انہوں نے کہاکہ بطور سوشل ویلفیئر چیئرپرسن مجھے 12ممبرز جن میں چھ ممبر سٹی یوتھ ونگ اور چھ ممبرزڈسٹرکٹ سے لینے ہونگے جوکہ میرے ساتھ میرے کاموں میں معاونت کریں گے۔

(جاری ہے)

اس وقت ملتان شہر سے چھ ممبرز تہمینہ خان،امین عابد شاہ،طارق امیر،احسن امیر عباس،نوراقبال اور رانا محمد ذیشان شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے میرے اسسٹنٹ کے طورپر سوشل ویلفیئر آفیسر مسز امتیاز فیروزہ کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے جوکہ اداروں میں وزٹ کے دوران میرے ساتھ ہونگی۔انہوں نے مزید کہاکہ بہت جلد اداروں کے وزٹ شیڈول تیارکرونگی اور اداروں کی کارکردگی کومزید بہتر بنانے کیلئے عملی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔