محکمہ صحت کی ٹاسک فورس کا سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری پر چھاپہ ،غیرقانونی طور پرخریدا گیا ادویات کا خام مال برآمد، فیکٹری سربمہرخواجہ عمران نذیر موقع پر پہنچ گئے

پیر 19 دسمبر 2016 23:51

لاہور۔19 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ و چیئرمین وزیراعلی ٹاسک فورس برائے جعلی و غیرمعیاری ادویات خواجہ عمران نذیر کی ہدایت پر محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹرکے سکواڈ نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان روڈ پر واقع میسرز کنگز فارماسیوٹیکل پرچھاپہ مار کر بڑے پیمانے پر غیرقانونی طورپر خریدا گیا ادویات کا خام مال ، تیار میڈیسن قبضہ میں لے لیں،فیکٹری میں گڈمینوفیکچرنگ پریکٹس کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں پائی گئیں،چھاپہ مار پارٹی نے ایک ہی بیج کی مختلف ادویات پر مختلف قیمتوں کے درج ہونے کا بھی نوٹس لے کر پرنٹنڈ میٹریل بھی قبضہ میں لے لیا، چھاپہ مار ٹیم میں شامل ایک افسر نے بتایا کہ فیکٹری میں انتہائی ناقص اور غیرصحت مند پانی استعمال کیا جارہا تھا اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات تھے جس پر ڈرگ انسپکٹرز کی ٹیم نے فیکٹری مالکان کے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976کی مختلف دفعات کے تحت کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو سربمہر کردیا، بعدازاں وزیربرائے پراومری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر بھی موقع پر پہنچ گئے ،انہوں نے چھاپہ مار ٹیم کے ارکان کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ غیرمعیاری اور غیرقانونی ادویات کا دہندہ کرنے والوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گا اور یہ آپریشن اس مکروہ دہندے کے خاتمے تک جاری رہے گا۔