پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بیمار اور مردہ مرغیوں کا گوشت بیچنے والوں کے خلاف کارروائی‘6ہزار کلوگوشت برآمد

مرغیوں کے پر اور آنتیں ابال کر اشیائے خوردونوش بنانے والوں کو بیچنے والا یونٹ سیل‘ ملزمان گرفتار

پیر 19 دسمبر 2016 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2016ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا اور ناقص اشیائے خوردونوش بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون مزیدتیز کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی ہدایت پر ٹولنٹن گوشت مارکیٹ میںسپیشل ریڈکیا گیا۔ مردہ اور بیمار مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والی 9 دکانوں کو سیل کرتے ہوئے 6ہزار کلوگرام گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔

مرغیوں کی باقیات‘ پراور انتڑیاں ابال کر مختلف اشیائے خوردونوش بنانے والوں کو بیچنے والا یونٹ بھی سیل کر دیا گیا۔ نشتر ٹائون کی ٹیم نے لائف سٹائل پراڈکٹس انٹرنیشنل پرائیوٹ لمیٹڈکو،صفائی کے ناقص انتظامات اور پہلے سے دی گئی ہدایات پرعمل نہ کرنے کی صورت میں 25ہزار روپے جرمانہ کیا۔

(جاری ہے)

واہگہ ٹائون کی ٹیم نے بیدیاں روڈ لاہورپر اللہ رکھا ہوٹل اور بسم اللہ ہوٹل کو کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر نہ رکھنے، واشنگ ایریا گندہ ہونے اور اشیاء کے لیے کو کائونٹر موجود نہ ہونے کی بنا پربالترتیب 3ہزاراور4ہزار روپے جرمانہ کیا۔

گلبرگ ٹائون کی ٹیم نے مکہ کالونی مین بازارمیں واقع آب حیات واٹر پلانٹ ‘ مدینہ کالونی مین بازار میں فارماجن واٹر‘ عزیز بھٹی ٹائون کی ٹیم نے الفلاح ٹائون میں جل فریش پیور واٹر پلانٹ کو چیک کیا ، پانی کے نموجات حاصل کیے اور بہتری کے احکامات جاری کیے۔دھرم پورہ علامہ اقبال روڈ پر چاچا جی دال چاول کوبہتری احکامات جاری کیے۔ جوڑے پل پر واقع خان برگر شاپ کو گوشت آئس کریم کے ساتھ رکھنے، کھلی گندی نالیوں ، ہاتھ دھونے کے صابن کی عدم موجودگی، جگہ جگہ مکڑی کے جالوں کی موجودگی اور صفائی کے ناقص حالات کی بنا پر 5ہزار روپے جرمانہ کیا۔

شالیمار ٹائون کی ٹیم نے ایکوا سینا واٹر پلانٹ سے پانی کے نمونہ جات جبکہ علامہ اقبال ٹائون کی ٹیم نے محافظ ٹائون میں واقع ڈیز پیور واٹر پلانٹ کو ورکرز کی ناقص جسمانی حالت،فلنگ روم میں فالتو سامان موجود ہونے، صفائی کے ناقص حالات کی بنا پر 3ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور پانی کے نمونہ جات حاصل کیے۔

متعلقہ عنوان :