وزیر اعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم آزادکشمیر کی ملاقات، نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت

بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہاء کردی ہے،نہتے کشمیریوںپر بھارتی قابض افواج کے بد ترین ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو بیدارہونے کی ضرورت ہے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مقبوضہ جموں و کشمیرکے نوجوانوں نے آزادی کے چراغ اور شمع کو روشن کیا اوروہ اپنے آزادی کے حق کے حصول کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ، کشمیری عوام اپنے حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں،کشمیریوں کی نئی نسل نے تحریک آزادی کو آگے بڑھایا ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

پیر 19 دسمبر 2016 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہاء کردی ہے لیکن بھارتی افواج کے ظلم و ستم بھی نہتے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو نہیں دباسکے۔ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے لیکن وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا۔

وہ پیر کو یہاں میں آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حید ر سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ملاقات میںدونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیریوںپر بھارتی قابض افواج کے بد ترین ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو بیدارہونے کی ضرورت ہے اور عالمی برادری کو قابض بھارتی افواج کے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کو زیادہ دیر تک حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے مسئلہ کشمیر کوہر سطح پر بھر پورانداز سے اٹھایا ہے اوروہ آزاد کشمیر کی تعمیرو ترقی میںگہری دلچسپی رکھتے ہیںاورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت آزادکشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات زندگی سے مستفید کرنے کے پروگراموں کیلئے خطیر فنڈز فراہم کررہی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکے نوجوانوں نے آزادی کے چراغ اور شمع کو روشن کیا ہے اوروہ اپنے آزادی کے حق کے حصول کے لئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں - کشمیری عوام اپنے حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور کشمیریوں کی نئی نسل نے تحریک آزادی کو آگے بڑھایا ہے، انہوںنے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے -انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت کا مطمع نظر عام آدمی کی بھلائی اور تمام علاقوںکو بلا امتیاز ترقی دینا ہے۔