جسٹس فائز عیسیٰ کی رپورٹ نے وزیرداخلہ اور صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ کے چہروں کو بے نقاب کردیا، وزیرداخلہ کالعدم جماعت کے رہنما سے ملاقات بھی کرتے ہیں اور معصوم بھی بنتے ہیں، حکومت اپنی صفوں میں کالعدم تنظیموں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے وزراء کو بے نقاب کرے

ْمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا ملتان میں تقریب سے خطاب

پیر 19 دسمبر 2016 21:38

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ کی رپورٹ اور جماعت اسلامی کے ترجمان نے وزیرداخلہ اور صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ کے چہروں کو بے نقاب کردیاہے۔ وزیرداخلہ کالعدم جماعت کے رہنما سے ملاقات بھی کرتے ہیں اور معصوم بھی بنتے ہیں۔

حکومت اپنی صفوں میں کالعدم تنظیموں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے وزراء کو بے نقاب کرے۔ہم پاکستان میں پُرامن سیاسی جدوجہد کے قائل ہیں اور اسی بنیاد پر ہم نے 2013کے عام الیکشن میں حصہ لیا ۔گزشتہ روز ملتان میں ’’محمدی دسترخواں‘‘کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر ٹھیک طرح سے عملدرآمد کیا جاتا تو آج حکومتی صفوں میں چھپے سہولت کار سلاخوں کے پیچھے ہوتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں داعش کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے افراد موجود ہیں جو شام میں داعشی دہشتگردوں کے واصل جہنم ہونے پر احتجاج کررہے ہیں، اُس وقت یہ نام نہاد مسلمان کہاں تھے ،جب داعش عراق اور شام میں ہزاروں بے گناہوں کو شہید کررہی تھی، جب اسلام آباد میں داعش کی حمایت میں پریس کانفرنسز کی گئیں تھیں، آج پاکستانی حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اُسے کس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، امریکہ،اسرائیل ،داعش اور تکفیریت کے ساتھ یا روس،چائنااور ایران کے ساتھ چین نے سلامتی کونسل میں داعش کے خلاف اور شام کے حق میں قرارداد کو 6دفعہ ویٹو کیا، اگر داعش اور تکفیری سوچ شام میں کامیاب ہوجاتی تو عراق،ایران،پاکستان اور چائنا کو بھی شکست ہوتی۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہاکہ اس وقت شام میں داعش کو ہونے والی شکست پر امریکہ،کینیڈا،برطانیہ،فرانس،آسٹریلیا اور مشرق وسطی کے ممالک سوگوار ہیں۔ کیونکہ جس مقصد کے لیے انہوں نے داعش کو بنایا تھا وہ ناکام ہوچکا ہے۔ امریکہ اور اُس کے اتحاد ایک منظم منصوبے کے تحت دہشتگردوں کو شام سے افغانستان منتقل کررہے ہیں۔ اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ سلطان احمد نقوی،علامہ قاضی نادر حسین علوی،محمد عباسی صدیقی،سید عدیل عباس زیدی، سید ندیم عباس کاظمی،مولانا عمران ظفر،اقبال حسین خان کشفی(ایڈووکیٹ)،سمیع حیدر گردیزی اور دیگر موجود تھے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزیدکہا کہ جشن میلادالنبی کی محافل ہمارے ایمان کا حصہ ہیں،پاکستان سمیت دنیا بھر میں ’’ہفتہ وحدت ‘‘کی تقریبات عالم اسلام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں، امام خمینی رضوان اللہ علیہ کے فرمان کے مطابق پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد کے لیے مجلس وحدت مسلمین عملی اقدامات کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :