کارکردگی کے حوالے سے سرسید یونیورسٹی میں بڑا اتار چڑھائو رہا ہے، چانسلر جاوید انوار

پیر 19 دسمبر 2016 21:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2016ء) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے نے ایسوسی ایشن کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی کے حوالے سے سرسید یونیورسٹی میں بڑا اتار چڑھائو رہا ہے۔تاہم میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ بروقت، درست سمت میں موثر اقدامات کامیابی کی منزل کو قریب کردیتے ہیں۔

ایک سال قبل جب میں نے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر کا عہدہ سنبھالا تو یونیورسٹی میں بہت سی اصلاحات اور نئے شعبہ جات کی ضرورت تھی۔ان شعبہ جات کی غیر موجودگی اور غیر فعال ہونے کی وجہ سے گزشتہ کئی سالوں سے یونیورسٹی کی کارکردگی بُری طرح متاثر ہورہی تھی۔

(جاری ہے)

لہذاغیر فعال شعبہ جات کو جدید تقاضوں کے مطابق نہ صرف فعال کیا گیا بلکہ ان کی تنظیمِ نو بھی کی گئی۔

نئے شعبہ جات متعارف کرا ئے گئے۔درست سمت میں موثر اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے سرسید یونیورسٹی کو اول درجہ کی جامعات کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے اس کا "W" اسٹیٹس بحال کردیا ہے جو معیار و کارکردگی کے حوالے سے جامعات کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔اسی طرح چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیوشن کمیٹی سندھ نے بھی نجی انجینئرنگ جامعات کے درجے میں سرسید یونیورسٹی کو اول درجہ کی یونیورسٹی قرار د یا ہے ،اس سال میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کا عمل اپنے آخری مراحل میں ہے جس میں ٹرانسپیرنسی کو نہ صر ف یقینی بنایا گیا ہے، بلکہ ٹرانسپیرنسی نظر بھی آ رہی ہے۔

سرسید ٹاور کا پہلاphase تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔انھوں نے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرسید احمد خان کے نام سے جُڑے ہوئے اداروں کی ترقی و فروغ کے لئے پوری دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ کام کرتے رہیں گے اور ان اداروں کو اعلیٰ مقام اور عروج پر پہنچانے کی جستجو ہی ان کا ھدف ہے۔قبل ازیں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد ارشد خان نے ایسوسی ایشن کی گزشتہ سال کی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور یونیورسٹی کی کامیابیوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔

سرسید یونیورسٹی میں نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرائی گئی ہیں بلکہ علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں بھی سول ڈپلومہ کا نیا شعبہ متعارف کرایا گیا ہے۔جدید علوم کے فروغ کے لیے ایسوسی ایشن ایک جدید لائبریری قائم کررہی ہے اور ویب سائٹ بھی بنائی جارہی ہے جس میں ایسوسی ایشن کے ممبران سمیت ممتاز علیگیرین کا ریکارڈ آن لائی دستیاب ہو سکے گا۔مذکورہ اجلاس میں گزشتہ سال کی میٹنگ کے منٹسminutes اتفاقِ رائے سے منظور کر لئے گئے۔علاوہ ازیں خازن انجینئرمحمد محسن خان نے اجلاس میں ایسوسی ایشن کی آڈٹ شدہ مالیاتی رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں ایسوسی ایشن کے اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔