جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ پر وزراء کا ردعمل ناقابل معافی ہے ‘ اپوزیشن کے پاس سنہری موقع ہے ‘ وزیر اعظم کا استعفیٰ لے یا خود مستعفی ہو کر سڑکوں پر احتجاج کرے

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر بابر اعوان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 19 دسمبر 2016 20:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ پر وزراء کا ردعمل ناقابل معافی ہے ‘ اپوزیشن کے پاس سنہری موقع ہے ‘ وزیر اعظم کا استعفیٰ لے یا خود مستعفی ہو کر سڑکوں پر احتجاج کرے۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے قومی ایئر لائن اور پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا۔ پی آئی اے کی بجائے ایئر لائن کا نام آر آئی اے (رائیونڈ ایئر لائن ) رکھ لیں تو بہتر ہے۔ نواز شریف اور ان کی اے ٹی آر طیاروں میں سفر کریں تو ان کا ٹیسٹ بھی ہو جائے گا اور قومی ایئر لائن میںبھی بہتری آئے گی۔ بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ زرداری صاحب کے آنے پر مل کر وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کریں یا نواز شریف سے استعفیٰ لے لیا جائے یا خود مستعفی ہو کر سڑکوں پر احتجاج کیا جائے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہو۔ سب سے پہلے استعفیٰ میرا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ پر وزراء کا ردعمل ناقابل معافی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت جو کمیشن بنائے اگر وہ ان کے حق میں فیصلہ دے تو ٹھیک اگر خلاف دے تو بے کار قرار دیدیا جاتا ہے۔ اس سے عمران خان کے موقف کی تائید ہو گئی ہے کہ کمیشن کا کوئی فائدہ نہیں۔ …(رانا+ار)