بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طلبہ ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے ،ڈگریاں نہ ملنے پر کینال روڈ پر دھرنا

طلباء کی پولیس کے ساتھ دھکم پیل ،سڑکوں پر آنے میں کامیاب ، کینال روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ،شہریوں کو شدید مشکلات فزیو تھراپی کی ڈگری کو تسلیم نہیں کیا جا رہا جس سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ،مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج ختم نہیں کرینگے‘ مظاہرین

پیر 19 دسمبر 2016 17:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2016ء) بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طلبہ اپنے مطالبات کے حق میں ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے اور ڈگریاں نہ ملنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے کر کینال روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا ، طلباء کی پولیس کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی ،کینال روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق بہائو الدین ذکریا یونیورستی لاہور کیمپس میں میڈیکل اور انجینئرنگ کے طلبہ و طالبات ڈگریاں نہ ملنے کے خلاف ایک بار پھر سراپا احتجاج بن گئے ، طلبا و طالبات نے احتجاج شروع کیا تو پولیس نے کیمپس کو گھیرے میں لے لیا ۔ پولیس کے ساتھ طویل مذاکرات اور دھکم پیل کے بعد طلبا سڑک پر آنے میں کامیاب ہوگئے ۔

(جاری ہے)

طلبا نے دھرنا دے کر کینال روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا جس کے باعث مغلپورہ ، دھرم پورہ ، ما ل روڈ ، جیل روڈ ، مسلم ٹائون مو ڑ انڈر پاسز کے نیچے اور اوپر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ فزیو تھراپی اور انجینئرنگ کے طلباء کی ڈگریوں کو تسلیم نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے ان کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے ۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج ختم نہیں کریں گے ۔ واضح رہے کہ ملتان کیمپس کے 3500طلباء کو رجسٹریشن کارڈز جاری کر دئیے گئے ہیں ۔