کراچی ایکسپو سینٹر میں سوشل ایکسپو کا انعقاد

اتوار 18 دسمبر 2016 21:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) مرکز اُمید نے ایس ایس جی سی کی خصوصی معاونت اور پاکستان میں انسانیت کی خدمت میں کوشاںاین پی اوز کی بھر پور شرکت کے ساتھ گزشتہ ر وز کراچی ایکسپو سینٹر میں سوشل ایکسپو کا انعقاد کیا۔ سوشل ایکسپو 2016ء کا افتتاح سینیٹر نہال ہاشمی اور صدر کے سی سی آئی شمیم فرپو نے مشترکہ طور پر کیا۔

اس موقع پر موجود دیگر معززین میںسربراہ میک اے وِش فاؤنڈیشن اشتیاق بیگ، اے ایم ٹی ایف سے عتیق الرحمان، این ایف ای ایچ سے نعیم قریشی، ایس ایس جی سی کے ہیڈ آف کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ شہباز اسلام، سی ای او امن فاؤنڈیشن احمد جلال، یوتھ پارلیمنٹ سے رضوان جعفر، سو ئٹزر لینڈ کے سابق قونصل جنرل اور حال ہی میں لاس اینجلس امریکہ میں تعینات ہوئے ایمل وائس، چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی ، ٹی پی این سے محمود ترین، ٹوائز فاؤنڈیشن سے یوگی وجاہت اور چیف آرگنائزر مرکز اُمید ذیشان صدیقی شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے بھی سوشل ایکسپو کا دورہ کیا۔ مقررین نے اس ایکسپو کے وژن کی تعریف کی اور پہلی سوشل ایکسپو کا کامیاب انعقاد کر کے چار سال قبل شروع کیے گئے اس عظیم مشن کو جاری رکھنے پر مرکز اُمید کو مبارکباد دی۔اس موقع پر سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ بہت سارے خصوصی بچوں کو اسٹیج پر پرفارم کرتے دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی اور کچھ لمحوں کے لیے انہیں بھی محسوس ہوا کہ وہ بھی ان بچوں سے الگ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل ایکسپو نے بہت ساری جعلی این جی اوز کو افشاں کردیا ہے جو صرف پیسے بنا رہی ہیں۔ شمیم فرپو نے کہا کہ ایکسپو ایک بڑی کامیابی ہے خصوصی طور پر اُن کے لیے جو بلا غرض سماجی خدمات فراہم کررہے ہیں اور اس جم غفیر کے سامنے اپنا کام فخر کے ساتھ پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی سی آئی ایسے اقدامات کو سراہتی ہے اور کسی بھی اچھے کام کے لیے اُن کے دروازے کھلے ہیں۔

تقریب کے دوران 13 این پی اوز کو سوشل ایکسپو ایوارڈز دیئے گئے جنہوں نے معاشرے کے ضرورت مند طبقہ کی خدمت میں ایک تاریخ رقم کی ہے۔ یہ ایوارڈز ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل، ایل آر بی ٹی، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ، ٹی سی ایف، اے ایم ٹی ایف، Ida-Rieu اسکول، ایس آئی یو ٹی، ایم اے ایل سی، انڈس اسپتال، ایدھی فاؤنڈیشن، دارالسکون، اخوت اور میک اے وِش فاؤنڈیشن شامل ہیں۔

ایکسپو میں 200 سے زائد غیر منافع بخش تنظیموں نے شرکت کی جو طویل عرصے سے انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر موٹیویشنل پریزینٹیشن شہباز اسلام، عمیر جالی والا اور یوگی وجاہت کی جانب سے دی گئی۔سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے مرکز اُمید کو اس خوبصورت ایونٹ کے انعقاد میں بھر پورمعاونت فراہم کی۔

متعلقہ عنوان :