فوڈ اتھارٹی کا ملائوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈائون جعلی کیچپ بنانے والی دو فیکٹریاں سیل ، 7500 کلو جعلی کیچپ برآمد

کیچپ کو گاڑھا اور میٹھا بنانے کے لیے مضر صحت اجزاء اور ممنوع کیمیکلز استعمال کیے جا رہے تھے ‘ ڈی جی فوڈ اتھارٹی

اتوار 18 دسمبر 2016 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملائوٹ مافیا اور ناقص اشیاء خورو نوش بنانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الاامین مینگل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کیچپ بنانے والی دو فیکٹریوں کو سیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیچرل فوڈ اور پیور مینوفیکچر نامی فیکٹریاں کیچپ بنانے کے لیے مصنوعی مٹھاس اور مضر صحت کیمیکل استعمال کر رہی تھیں کیچپ کو گاڑھا کرنے کے لیے گلے سڑے ٹماٹر استعمال کیے جا رہے تھے ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے فیکٹریوں کو سیل کرتے ہوئے بالترتیب 4 ہزار اور 3500 کلو غیر معیاری کیچپ برآمد کرکے موقع پرضائع کر دیا ۔ علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے مختلف اضلاع میں ناشتہ پوائنٹس کی خصوصی چیکنگ کرتے ہوئے لاہور میں 14 فیصل آباد میں 9 گوجرانوالہ میں 11 اور راولپنڈی میں 10 ناشتہ مراکز کو ناقص صفائی پر جرمانے اوربہتری کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

لاہور میں ابراہیم ہوٹل ، حاجی منیر خان ذائقہ ریسٹورنٹ اینڈ بریانی ہائوس اور قادری کولڈ کارنر کو وارننگ نوٹس پر عمل نہ کرنے پر بالترتیب 5 ہزار ، 8 ہزار اور 3 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ اتوار بازاروں کی چیکنگ کرتے ہوئے جوہر ٹائون میاں پلازہ اتوار بازار میں گلے سٹے پھل بیچنے پر تین دکانوں کو سیل کرتے ہوئے اڑھائی سو کلو گلے سڑے سیب اور چار درجن کیلے انتظامیہ کی موجودگی میں ضائع کر دئیے۔ راولپنڈی کی ٹیم نے کمیٹی چوک اتوار بازار میں 10 دکانوں کو صفائی اور اشیاء خورو نوش کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ فیصل آباد کی ٹیم نے ماڈل بازار جھنگ روڈ اور کلیم شہید اتوار بازار میں مختلف دکانوں کو چیک کرتے ہوئے ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر 18 ہزار روپے جرمانے کیے۔