ملک رؤف کرکٹ‘ملیر جیم خانہ اور انقلاب سی سی کی سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموار

اتوار 18 دسمبر 2016 20:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) ملیر جیم خانہ اور انقلاب سی سی کو سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوگیا جب انہوں نے ملک عبدالرؤف میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں بالترتیب سپر جیم خانہ کو 69رنز اور کراچی ایگلیٹس کو 8وکٹوں کی شکست سے دوچار کیا۔ملیر جیم خانہ کے حارث علی خان نے 75گیندوں پر 107رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

واجد علی ، محمد سعید ، عاطف شاہ اوروسیم خان نے اپنی ٹیموں کیلئے نصف سنچری بنائی۔ غلام حسین نے 6مہرے کھسکائے۔کے سی سی اے زون4کے زیر اہتمام پاک اسٹار گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں ملیر جیم خانہ نے سپر جیم خانہ کیخلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 2وکٹوں پر 243رنز کامجموعہ اسکور بک میں درج کرایا۔حارث علی خان 107رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

واجد علی نے 43گیندوں پر 59رنز بنائے۔ دانیال احسن 42گیندوں پر 48رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ منصور نذر 20گیندوں پر 22رنز بناسکے۔محمد آصف اورغلام مرتضیٰ نے حریف ٹیم کی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سپر جیم خانہ کی جوابی اننگز 174رنز پر تمام ہوگئی۔ محمد سعید کی 43گیندوں پر بنائے گئے 56رنز کارگر ثابت نہ ہوسکے ۔ محمد آصف نے 13گیندوں پر 25، ثاقب حسن 21گیندوں پر 23اور شاہد نواز نے 13گیندوں پر 20رنز اسکور کئے۔

غلام حسین نے اپنی سحر کن بولنگ سے حریف ٹیم کی6کھلاڑیوں کو 45رنز کے عوض پویلین روانہ کیا۔ اعظم خان نی42رنز پر 3بلے بازوں کو میدان بدر کیا۔ایمپائرز جاوید جعفری اور متین شیخ جبکہ آفیشل اسکورر صغیر احمد تھے۔پاک اسٹار گراؤنڈ ملیر پر کھیلے گئے دوسرے کوارٹر فائنل میں انقلاب سی سی نے میدان مارا جب انہیں باآسانی حریف کراچی ایگلیٹس کیخلاف 8وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔

کراچی ایگلیٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 9وکٹوں پر 150رنز ہی جوڑ سکی۔نیر عباس نے 54گیندوں پر 47اور مقبول شاہ 20گیندوں پر 23رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔سرتاج خان نے 26اور عاطف شاہ نے 31رنز کے عوض 3,3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا اور وسیم خان کو 50رنز پر 2وکٹ ملے۔ انقلاب سی سی کو اپنی جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کے حصول میں کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور باآسانی 2وکٹوں پر 151رنز بنا کر 8وکٹوں کی فتح کو یقینی بنالیاگیا۔

عاطف شاہ نے عمدہ بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 35گیندوں کا سامنا کرکے 54رنز کی فتح گر اننگز کھیلی۔ وسیم خان بھی 2وکٹیں حاصل کرنے کے بعد 49گیندوں پر 54رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ فہیم الرحمن نے 34گیندوں پر 38رنز اسکور کئے۔سید اقتدار شاہ اور اختر علی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ایمپائرز جمیل احمد اور متین شیخ جبکہ آفیشل اسکورر صغیر احمد تھے۔