پارک اور گرین بیلٹ کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے،عبدالخالق مروت

اتوار 18 دسمبر 2016 20:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) قائم مقام چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر کی عوام کوصحت مندانہ ماحو ل فراہم کرنے کیلئے درخت و پودے ایک اہمیت رکھتے ہیں ، پارک علاقوں کی خوبصورتی کو بڑھا تا ہے، عوام کو میونسپل سروسز کی بلاتعطل فراہمی منتخب نمائندوں اور بلدیاتی افسران کی منصبی اور اخلاقی ذمہ داری میں شامل ہے عوام کو پارکوں پر صحت مندانہ ماحول اور تفریح کے مواقع فراہم کر نا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری بلوچ پارک یوسی پانچ کیٹل کالونی کی مزید تزین و آرایش کے حوالے سے احکامات دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرسپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ڈائر یکٹر انفارمیشن جمال ناصر خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر نسیم اختر ، خواجہ حمید اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قائم مقام چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے مذکورہ پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور پارک میں پودوں اور گھاس وغیرہ کا معائنہ کیا اور موجود متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پارک میں روشنی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے ، پارک میں لگی لائٹوں کی درستگی اور خراب کی تبدیلی فوری عمل میں لائی جائے، پارک میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ پارک میں آنے والے شہری کچرا غیرہ ڈسٹ بن میں ڈالیں اور پارک صاف ستھرا رہے، پارک کے اطراف صفائی ستھرائی پر خاص توجہ رکھی جائے، پارک میں موسم کے مطابق پھول دار خوشبو والے خوبصورت اور خوش رنگ پودے لگائے جائیں ، پارک میں بچوں کے کھیل کود کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جھولے وغیرہ لگائے جائیں ۔