حبیب میٹرو لائنز نے ڈائمنڈ پینٹس لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ جیت لی‘فائنل میں باڑیز کو شکست

اتوار 18 دسمبر 2016 20:30

لاہور۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ڈائمنڈ پینٹس لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2016ء کا فائنل دلچسپ مقابلے کے بعد حبیب میٹرو لائنز نے جیت لیا۔ فائنل میں باڑیز کی فیورٹ ٹیم کو 5-2 سے شکست دیدی جبکہ سب سڈری فائنل میں الائیڈ بینک کی ٹیم نے بی بی جے پولو ٹیم کو 8-4 سے ہرایا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں پولو کا سیزن اپنے عروج کی طرف گامزن ہے۔

ڈائمنڈ پینٹس لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ کا فائنل دیکھنے کیلئے لوگوں کی بہت بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان، سی ای او ڈائمنڈ پینٹس میر شعیب احمد، لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز عمر نیازی، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب، ممبرز ، ڈائمنڈ پینٹس کے ڈائریکٹر میر حذیفہ احمد ،حبیب میٹرو پولیٹن بینک کے گروپ ہیڈ سید طالب رضوی اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

فائنل جب شروع ہوا تو باڑیز کی ٹیم ہاٹ فیورٹ تھی مگر حبیب میٹرو لائنز کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا خاص کر سید اون رضوی، راجہ تیمور ندیم اور احمد علی ٹوانہ نے شاندار کھیل پیش کیا۔ میچ کے آغاز میں ہی احمد علی ٹوانہ نے پہلے چکر میں دو گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ باڑیز کی ٹیم نے واپس کم بیک کیا اور راجہ سمیع اللہ اور حمزہ مواز خان نے ایک ایک گول سکور کرکے میچ برابر کردیا۔

تیسرے اور چوتھے چکر میں حبیب میٹرو لائنز کی طرف سے سید آن رضوی نے ایک خوبصورت گول جبکہ راجہ تیمور ندیم نے دو گول سکور کیے۔ٹیم کی شاندار کارکردگی پر میٹرو حبیب پولیٹن بینک کے گروپ ہیڈ سید طالب رضوی نے ٹیم کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طالب رضوی کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا۔ مستقبل میں بھی پولو کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔ ادھر الائیڈ بینک کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی کے چار خوبصورت گولوں کی بدولت الائیڈ بینک نے بی بی جے پولو ٹیم کو 8-4 ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔

متعلقہ عنوان :