اپوزیشن اتحاد کیلئے تمام جماعتوں کو انا ختم اور اپنا اندر و باہر ایک کرنا ہو گا، چودھری پرویزالٰہی

ہم روز اول سے الائنس پر زور دے رہے ہیں، اپنا اپنا راگ الاپنے سے ملک و قوم کو درپیش خطرات اور عوامی مسائل بڑھتے رہیں گے

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو اتحاد کیلئے اپنا اندر اور باہر ایک کرنے کے علاوہ انا کو ختم کرنا ہو گا، قومی اور اجتماعی مفاد کو ذاتی اور جماعتی مفاد پر ترجیح دینا ہو گی۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی نمائشی منصوبوں سے نہیں ہمارے دور کی طرح عوامی فلاح و بہبود اور فراہمی روزگار کے میگا پراجیکٹس سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن لیڈروں کو بلاشبہ ملک و قوم کو درپیش خطرات اور چیلنجز کا ادراک تو ہے لیکن ان خطرات و چیلنجز کو مزید بڑھنے سے روکنے پر قابو پانے کیلئے انہیں ایک پیج اور پلیٹ فارم پر آنا ہو گا اور تمام جماعتوں کو اپنا اپنا راگ الاپنے اور احتجاج کے اعلان کرنے کی بجائے باہم مل کر ایک ساتھ چلنا ہو گا، ملک کو عالمی سطح پر تنہا کرنے، جمہوریت کے نام پر بادشاہت اور ہر قومی ادارے پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے اور ذاتی مفادات کیلئے ملکی مفادات قربان کرنے والوں کا راستہ روکنا ہو گا ورنہ محب وطن عوام اور مورخ انہیں معاف نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام باالخصوص غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کی بہتری و خوشحالی کیلئے جمہوریت اور آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنے کی خاطر تمام جماعتوں کو باہمی اختلافات ختم کرنا ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں من مانی کرنے والے حکمرانوں سے نجات کیلئے ہمیشہ اپوزیشن الائنس کا راستہ اپنایا گیا اور کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ ہم روز اول سے تمام اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد پر زور دے رہے ہیں لیکن حکومت ان میں انتشار کا مکمل فائدہ اٹھا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :