پی ٹی آئی حکومت تعلیمی ایمر جنسی کے نام پر سبجیکٹ سپیشلسٹ اساتذہ کا استحصال کر رہی ہے، سالار اسلام

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

نوشہرہ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا سبجیکٹ سپیشلسٹ ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر سالار اسلام طارق نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیمی ایمر جنسی کے نام پر سبجیکٹ سپیشلسٹ اساتذہ کا استحصال کر رہی ہے ‘صوبائی حکومت ایک جانب صوبے میں تعلیمی ایمر جنسی کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے جبکہ دوسری جانب سبجیکٹ سپیشلسٹ کے مسائل اور مطالبات سے چشم پوشی اختیار کر رہی ہے۔

تعلیمی ایمرجنسی کا یہ مطلب نہیں کہ اساتذہ کو ڈی گریڈ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل خیبر پختونخوا سبجیکٹ سپیشلسٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری حضرت محمدشاہجہان اور سیکرٹری اطلاعات ہستم خان بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں اور کالجوںمیں بائیو میٹرک اور آئی ایم یو تعلیمی اداروں کی نجکاری اور اساتذہ کو بے جا تنگ کرانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

سبجیکٹ سپیشلسٹ بائیو میٹرک یا ما نیٹرنگ سسٹم کے خلاف نہیں لیکن اس پر سبجیکٹ سپیشلسٹ کے تحفظات کو دُور کیا جائے۔ ون سٹپ اپ گریڈیشن ،جدید ٹائم سکیل اور مراعات میں اضافے کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ حکومت صوبے کے دیگر تمام اداروں میں ناکامی کا سارا نزلہ اساتذہ پر گرا رہی ہے۔اُ نہوں نے کہا کہ سبجیکٹ سپیشلسٹ کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ صوبائی حکومت سبجیکٹ سپیشلسٹ کے تحفظات اور مطالبات کو پورا کرے بصورتِ دیگر کلاسوں کا بائیکاٹ اور بعد ازاں احتجاج کا آغاز کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گریڈ 17 اور گریڈ 18کے سبجیکٹ سپیشلسٹ صو بے بھر کے سرکاری ہائیر سیکنڈری سکولوں میں ایف اے،ایف ایس سی کی درس و تدریس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :