کو ہاٹ ‘ دو دوستوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،ایک جاں بحق ‘ دوسرا زخمی

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

کوہاٹ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) کوہاٹ میں شادی کی تقریب سے واپسی پر دو دوستوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،ایک جاں بحق دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ جنگل خیل اور شینو خیل کے رہائشی دو دوست راشد اور عثمان گزشتہ شب علاقہ بلی ٹنگ میں شادی کی تقریب کے دوران موسیقی کا پروگرام دیکھنے کے بعد موٹر سائیکل پر واپس کوہاٹ شہرجارہے تھے ۔

جونہی وہ پنڈی انٹر چینج کے قریب پہنچے تو گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پراندھا دھند فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں راشد سکنہ جنگل خیل سر میں گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اسکا دوست عثمان ساکن شینو خیل کوہاٹ سٹی شدید زخمی ہوگیا۔واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ فائرنگ کے واقعہ میںجاں بحق اور زخمی ہونیوالے دونوں دوستوں کو کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرہسپتال کے ڈی اے لایا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول کی لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی جبکہ مجروح کو تشویشناک حالت کے باعث ایل آر ایچ پشاور منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ادھر واقعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرکے وقوعہ کا مقدمہ تھانہ بلی ٹنگ میں مجروح عثمان کے والد صلاح الدین کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔