حافظ آباد،میونسپل کمیٹی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے سیاسی توڑ جوڑ عروج پر پہنچ گیا

اتوار 18 دسمبر 2016 20:00

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء)میونسپل کمیٹی حافظ آباد کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے سیاسی جماعتوں اور گروپوں کی جانب سے اپنے اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے سر توڑ کوششیںعروج پر پہنچ گئیں۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے اور ایم پی اے گروپ کے مابین اختلافات کھل کر سامنے آ گئے جبکہ کونسلرز کی قدرو قیمت اور اہمیت میں بھی اضافہ ہو گیا۔

دونوں گروپوں کی جانب سے نو منتخب کونسلرز کو سیر سیاحت کیلئے تفریحی مقامات پر پہنچا دیا گیا جبکہ بعض کونسلرز کے ووٹ خریدنے کیلئے مبینہ طور پر لاکھوں روپے دیئے جانے لگے۔ تفصیلات کے مطابق 22دسمبر کو بلدیاتی حکومتوں کے قیام کے آخری مرحلہ کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی حافظ آباد کے چیئر مین اور وائس چیئر مین کے انتخاب کے لئے معرکہ سجے گا،حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے گروپ کی جانب سے سابق ایم پی اے حاجی جمشید عباس تھہیم چیئرمین جبکہ خالد محمود بٹ وائس چیئر مین کی سیٹ امیدوار ہیں جبکہ دوسری جانب ایم پی اے گروپ کی جانب سے ملک گل نواز پھول چیئر مین اور شیخ محمد امجد وائس چیئر مین کی سیٹ کے لئے امیدوار ہیں دونوں گروپوں کی جانب سے اپنی اکثریت کا اظہار کیا جا رہا ہے لیکن اصل نتیجہ تو 22دسمبر کو ہی نکلے گا ۔

(جاری ہے)

حافظ آباد میں کا میاب ہونے والے پی ٹی آئی کے ممبران کی اہمیت میں بھی خاصا اضافہ ہو گیا ہے اور کل کے حریف آج کے دوست بن بیٹھے ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض افراد کی جانب سے ووٹوں کی خریداری کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اور ووٹوں کی خریداری کے لئے مبینہ طور پر لاکھوں روپے بھی دئیے جا رہے ہیں حافظ آباد کی سیاسی صورتحال کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت شہر میں ایک بھی کونسلر موجود نہیں تمام کونسلرز کو اپنے اپنے گروپ سیر و تفریح کے لئے دوردراز مقامات پر لے جا چکے ہیں جہاں انکی خوب خدمت کی جا رہی ہے ۔

ضلع کونسل کے چیئر مین شپ کے لئے وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کے والد سابق ایم این اے چودھری افضل حسین تارڑاور رائے قمر الزمان کھرل مضبوط ترین امیدوار ہیں انکے مد مقابل پی ٹی آئی نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں لیکن کامیابی مسلم لیگ ن ہی کی نظر آ رہی ہیں ۔پنڈی بھٹیاں اور جلاپور بھٹیاں میں مسلم لیگ ن کے چیئر مین اور وائس چیئر مین بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ ،میونسپل کمیٹی سکھیکی میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں میں سخت مقابلہ کی توقع کی جاسکتی ہے۔