ایڈہاک ڈاکٹروں کومستقل کرنے سمیت ان کے دیگر مسائل بھی حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ‘مشتاق غنی

اتوار 18 دسمبر 2016 20:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء)خیبر پختو نخواہ حکومت کے ترجمان اور مشیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے کہ ایڈہاک ڈاکٹروں کومستقل کرنے سمیت ان کے دیگر مسائل بھی حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماء ڈاکٹر سلیم خان یوسفزئی کی زیر قیادت پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد سے اپنی رہائش گاہ میںملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے مشتاق غنی نے کہا کہ وہ ڈاکٹرز برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹرز حضرات مسیحائی جذبہ کے تحت مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی زیر صدارت سپیشل کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ صحت میں کام کرنے والے تمام ایڈہاک ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کی سفارشات مرتب کی گئی ہیں اور جلد ہی ان سفارشات کی روشنی میں محکمہ صحت عملی اقدامات کرے گا وفد نے سپیشل کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹروں کی مستقلی کے لئے کی جانے والی مذکورہ سفارشات مرتب کرنے میں سپیکر اسدقیصر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ڈاکٹروں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی اسی جذبہ کے تحت اقدامات کریں گے ۔

(جاری ہے)

وفد نے صوبائی گورنمنٹ کی جانب سے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں مثبت اقدامات جس میں ڈاکٹروں کی بھرتیاں ، ہیلتھ پروفیشنل الائونس ، ڈپلومہ کرنے والے ڈاکٹروں کے لئے وظیفہ مقرر کرنا، ایچ اوز اور ٹی ایم اوز کی تنخواہوں میں اضافہ جیسے مثبت اقدامات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ آپ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں گے تاکہ ڈاکٹروں میں پائی جانے والی بے چینی کاخاتمہ ہوسکے۔