سکردو پولیس منشیات فروشی کے منظم نیٹ ورک کو توڑنے میں ناکام

اتوار 18 دسمبر 2016 19:40

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء) سکردو پولیس منشیات فروشی کے منظم نیٹ ورک کو توڑنے میں ناکام ،دس سال سے پندرہ سال کے طلبا بھی چرس کے عادی ہو گئے ،معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ منشیات فروشوں کیخلاف ٹھوس ،منظم اور موثر کاروائیاں نہ ہونے کی بنیادی وجوہات میں جہاں ان سماج دشمن عناصر کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے وہیں پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کا بھی خصوصی کردار ہے جن کی ملی بھگت سے یہ مکروہ دھندا اپنے عروج پر ہے ۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ سکردو میں منشیات فروشوں کے منظم نیٹ ورک نے سکول کے معصوم بچوں کو بھی اس دھندے میں لگا دیا ہے جہاں دس سال سے پندرہ سال کے بچے بھی چرس کے عادی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس کے بعض اہلکار نہ صرف خود منشیات کے عادی ہیں بلکہ منشیات فروشوں کے بارے میں ہمدردانہ جذبات رکھتے ہیں اور تمام تر معلومات ہونے کے باوجود ان منشیات فروشوں کیلئے مخبری کے فرائض انجام دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ سکردو پولیس کے اکثر افسران اور اہلکار وں کیلئے منشیات فروش خرچہ پانی کا بندوبست کر تے ہیں اور مشکل صورتحال میں انہیں چھاپہ مار کاروائیوں سے بروقت آگاہ بھی کر تے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ چند بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے تعلقات سیاسی جماعتوں سے بھی ہیں اور ان کی آیثر باد سے یہ عناصر دندنا تے پھرتے ہیں۔ سکردومیں تعینات DIGاور SSPوسیع تجربہ اور اہلیت رکھنے کے باوجود ان منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کو توڑنے میں ناکام ہو گئے ہیں اور کام چلائو کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔

متعلقہ عنوان :