سرمایادارانہ نظام مزدور کا خون چوس رہا ہے جس میں ایک عام اور غریب آدمی کو کوئی حیثیت نہیں ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

یورپ میں ایک مزدور کا بیٹا لندن کا میئر بن سکتا ہے مگر یہاں مزدور کا بیٹا مزدور ہی رہے گا

اتوار 18 دسمبر 2016 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ سرمایادارانہ نظام مزدور کا خون چوس رہا ہے جس میں ایک عام اور غریب آدمی کو کوئی حیثیت نہیں ہے، پاکستان کے حالات نے بھی مزدوروں کو تھکا دیا ہے مگر سچائی، اخلاص اور دیانتداری کے ساتھ جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے تو ظلم کا یہ نظام بہت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔

مزدوروں کو این ایل ایف کے پلیٹ فارم پر جمع کرکے ایک بڑی جدوجہد کیلئے کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں این ایل ایف سندھ کے صدر سید نظام الدین شاہ ، سیکریٹری خالد خان، جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عظیم بلوچ، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور قاسم جمال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ بلدیہ کراچی فیکٹری میں دو سو سے زائد مزدوروں کو زندہ جلانے کا واقعہ ملکی تاریخ کا بڑا حادثہ تھا جن کے پیارے ابھی تک انصاف کے منتظر ہیں۔ مغرب میں ایک مزدور کا بیٹا لندن کا میئر بن سکتا ہے مگر یہاں مزدور کا بیٹا مزدور ہی رہے گا۔ ملکی وسائل اور اقتدار پر چند مٹھی بھر مراعات یافتہ طبقے کا ہی قبضہ ہے۔

لوگ موجودہ سسٹم سے مایوس ہیں اسلئے انارکی سے بچانے کیلئے کوئی مثبت جدوجہد اور مزدور کو زندہ رہنے اور اس کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے انہیں اپنا حق ملنا چاہئے۔اس مشکل حالات کے باوجود این ایل ایف مزدوروں کیلئے امید کی کرن بن کر انہیں جدوجہد کے راستے پر گامزن کرے تاکہ غلامی کی زنجیریں ٹوٹ سکیں اور مزدوروں کو اپنا حق مل سکے۔

متعلقہ عنوان :