عملی زندگی میں داخل ہوتے ہوئے ہمارے طالب علموں کو خیال رکھنا چاہیے کہ زندگی کا سفر نشیب وفراز کے تسلسل کا نام ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وہی لوگ کامیاب وکامران ہوتے ہیں جو ناکامی کے خوف کو دل سے ہمیشہ کے لیے نکال کر زندگی سے نبردآزما ہوتے ہیں

اتوار 18 دسمبر 2016 19:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عملی زندگی میں داخل ہوتے ہوئے ہمارے طالب علموں کو خیال رکھنا چاہیے کہ زندگی کا سفر نشیب وفراز کے تسلسل کا نام ہے اور وہی لوگ کامیاب وکامران ہوتے ہیں جو ناکامی کے خوف کو دل سے ہمیشہ کے لیے نکال کر زندگی سے نبردآزما ہوتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ تعلیم پر کثیر رقم خرچ کررہی ہے اور آئندہ سال تعلیم کے بجٹ میں خاطرخواہ اضافے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دادا بھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن کے نویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں دادا بھائی انسٹیٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن کے 1546 فارغ الحتصیل طلباکو اسناد تفویض کی گئیں اور وزیراعلی سندھ نے بذات خود ڈگریاں تقسیم کیں ، تقسیم اسناد سے قبل وائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی ، چیئرمین بورڈ آف گورنر عبداللہ دادا بھائی، جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سینیٹرعبدالحسیب خان اور مجید عزیز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ سے فارغ التحصیل 15 سو سے زائد طلباقابل مبارکباد ہیں کہ انہوں نے ایک اچھے ادارے سے تعلیم حاصل کی ہے ان کی حاصل کردہ تعلیم اور ان کی اسناد آئندہ زندگی میں ان کی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کریں گے اور وہ ملک اور قوم کی ترقی میں اپنا کردار موثر طور پر اداسکیں گے۔ڈاکٹر شاہانہ عروج نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کو 2003 میں چارٹر ملا تھا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اس سور ریکگنائز کیا تھا جس کے بعد یہ نواں تقسیم اسناد کا جلسہ ہے ، سرمد جلال عثمانی نے کہا کہ دادا بھائی انسٹیٹیوٹ پرائیویٹ سیکٹر کا دوسرا انسٹیٹیوٹ ہے جو قانون کی تعلیم کے لیے حکومت کی طرف سے بااختیار بنایا گیا ہے ، جلسہ تقسیم اسناد میں طلباکو اسناد کی تفویض کے لیے ڈین فیکلٹی مینجمنٹ پروفیسر عبدالعزیز اور ڈین فیکلٹی سائنس اور انجینئرنگ ڈاکٹر ضامن علی خان نے پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :