مالی ،اراکین پارلیمنٹ نے سابق صدر کیخلاف غداری کا کیس ختم کرنے کے حق میں فیصلہ دیدیا

اتوار 18 دسمبر 2016 19:11

بماکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2016ء) مالی کے اراکین پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق صدر امادو تومانی تورے کے خلاف غداری کا کیس ختم ہونا چاہئے،جن کی حکومت 2012ء میں فوجی بغاوت کے بعد الٹی گئی تھی۔تورے جنہیں اے ٹی ٹی کے طور پر جانا جاتا ہی2002ء میں برسراقتدار آئے اور 2012ء میں اس وقت جب وہ اپنی آخری میعاد پوری کرنے کی تیاری کر رہے تھے،فوجی جنتا کے ہاتھوں ان کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سینیگال فرار ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

ایک اپوزیشن رکن پارلیمنٹ نے رائے شماری کے بعد اے ایف پی کو بتایا کہ عوام کے منتخب نمائندوں نے سابق صدر اے ٹی ٹی کی قسمت پر خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ میں حصہ لیا اور دس سال کیلئے مالی کی حکمرانی کے بعد ان کے خلاف مقدمہ نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔مالی کے قانون کے تحت اراکین پارلیمنٹ موجودہ یا سابق صدور کے حوالے سے فیصلہ دیتے ہیں۔تورے پر موجودہ حکومت کے صدر ابراہیم بوبکر کیٹا کی جانب سے مالی کے شمال میں اسلامی شدت پسندوں سے نمٹنے میں فوجیوں کی ناکامی کے حوالے سے بغاوت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :