بلاول سے خوفزدہ چوہدری نثار بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں، مولابخش چانڈیو

اگر سندھ میں سیاسی زلزلہ آیا تو پورے ملک میں اس کے اثرات مرتب ہوں گے، گزشتہ روز کی تقریر کے بعد وزیراعظم اور وزیر داخلہ دونوں کو مستعفی ہو جانا چاہیئے،27دسمبر کے بعد پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکن (ن) لیگ کے خلاف میدان میں ہوں گے، وزیراعظم کے ساتھ بہت سے وزیر ایسے ہیں جو طالبان کے حامی ہیں،مشیر اطلاعات سندھ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 18 دسمبر 2016 19:10

مٹیاری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار بلاول بھٹو کی شہرت سے خوفزدہ ہو کر بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں ، گزشتہ روز کی تقریر کے بعد وزیراعظم اور وزیر داخلہ دونوں کو مستعفی ہو جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

اتوار کو شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہم بلاول بھٹو کے ایک ایک لفظ کو ٹھیک سمجھتے ہیں، اگر ان کے 4 مطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر میں تحریک چلائیں گے اور اگر سندھ میں سیاسی زلزلہ آیا تو پورے ملک میں اس کے اثرات مرتب ہوں گے، 27 دسمبر کے بعد پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکن (ن) لیگ کے خلاف میدان میں ہوں گے۔

مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شہرت سے خوفزدہ ہوکر بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں اور گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کے بعد ثابت ہوگیا ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ بہت سے وزیر ایسے ہیں جو طالبان کے حامی ہیں، وزیرداخلہ نا اہل ہیں اور اب وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ دونوں کو ہی مستعفی ہو جانا چاہیئے۔