حکومت ڈلیور کرنے اور اپوزیشن متحد ہونے میں ناکام رہی‘خرم نواز گنڈاپور

قوم اور سیاسی جماعتیں مفادات کے خانوں میں بٹ چکیں، نقصان ملک کا ہورہا ہے 6 ء میں بھی سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے ورثاء کو انصاف نہ مل سکا ‘سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

اتوار 18 دسمبر 2016 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت ڈلیور کرنے اور اپوزیشن متحد ہونے میں ناکام رہی ،قوم اور سیاسی جماعتیں مفادات کے خانوں میں بٹ چکیں، نقصان ملک کا ہورہا ہے،غربت اور دہشت گردی کے خاتمے کی آرزو 2016 ء میں بھی پوری نہ ہو سکی،آئین و قانون کی بالادستی کا خواب 68سال گزر جانے کے بعد ادھورا ہے،طاقتور اس حد تک خود سر ہو چکے ہیں کہ عدالتی فیصلوںکے سامنے سر جھکانے کے بجائے کھلی دھمکیاں دیتے ہیں،وفاقی وزیر داخلہ نے جس قسم کا لب و لہجہ اختیار کیا کسی مہذب جمہوری ملک میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا،وزیر داخلہ کو کوئی مسئلہ تھا تو وہ اپنی شخصی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے بجائے کسی مجاز فورم سے رجوع کرتے جس ملک کا وزیر داخلہ اور وزیر قانون آئین و قانون کو توڑنے والے ہوں وہاں حقیقی جمہوریت کیسے قائم ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ 2016 ء میں شہدائے ماڈل ٹائون کو انصاف ملے گا اور قاتل انجام کو پہنچیں گے مگر استغاثہ دائر کرنے کے باوجود انصاف کی طرف کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔حکمران کسی غیر جانبدار انکوائری کو نہیں مانتے اور نہ ہی کوئی ایسا ادارہ ہے جو ان کی گرفت کر سکے۔

سانحہ کوئٹہ کمیشن کی طرح حکمرانوں نے سانحہ ماڈل ٹائون جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو بھی ماننے سے انکار کیاحالانکہ دونوں کمیشن خود حکمرانوں نے بنائے یہ کون سا جمہوری ،آئینی، قانونی کلچر ہے کہ جو رپورٹ پسند نہ آئے اسے اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جائے۔ پاکستان میں دو قانون اور دو نظام ہیں۔ ایک قانون طاقتوروں کو تحفظ دیتا ہے اور ایک قانون کمزوروں کی گرفت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے آئین و قانون و جمہوریت کی بالادستی کیلئے اپنے کارکنوں سے مل کر بے مثال جانی و مالی قربانیاں دیں ۔اب بھی ظالم نظام کو بدلنے کیلئے ہم اپنا کردار ادا کررہے ہیں تاہم جب تک پاکستان کے عوام ملک کو بچانے کیلئے باہر نہیں نکلیں گے ظلم کی اس سیاہ رات کا اختتام نہیں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :