راولپنڈی میں تیسراشہباز شریف ٹی 20 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ شروع

اتوار 18 دسمبر 2016 18:30

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) تیسراشہباز شریف ٹی 20 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2016-17 ء راولپنڈی میں شروع ہو گیا،ٹورنامنٹ 7 جنوری تک جاری رہے گا جس میں راولپنڈی کی یونین کونسلوں کی 21 کرکٹ ٹیمیں شرکت کر یں گی۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین میٹرو بس سروس محمد حنیف عباسی تھے جبکہ سینیٹر نجمہ حمید ، چیئرمین پی ایچ اے و رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، طاہر ہ اورنگزیب ، اراکین پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف، زیب النساء اعوان، تحسین فواد، لبنی ریحان،کرکٹ کوچ ثقلین مشتاق ، محمد وسیم ، مسعود انور، نو منتخب میئر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان، ڈپٹی میئر چوہدری طارق محمود ، پیرزادہ راحت مسعود قدوسی، ضیاء اللہ شاہ ، ٹورنامنٹ آرگنائزرملک سہیل اعوان، غیور بٹ ، جاوید مغل،صنوبر گل،عبیداللہ عباسی، حاجی اقبال ،ہاکی کے سابق اولمپئن شہباز سینئر ، شیخ انو ر اور یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ، وائیس چیئرمینوں ، کونسلرز اور شائقین کرکٹ شریک تھے ۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے راولپنڈی میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک ارب 80 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں جن سے کرکٹ ، فٹ بال اور تمام دیگر کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں تعمیر و ترقی کا انقلاب لایا گیا اور اربوں روپے کی لاگت سے تعلیم، صحت ، مواصلات اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کے منصوبے مکمل کئے گئے ۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے راولپنڈی کے لئے بلیو آسٹو ٹرف کے دو منصوبوں کی منظوری دی ہے جن سے دو نئے فٹ بال گراونڈ تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے راولپنڈی میں تعمیر کئے جانے والے نئے ہاکی سٹیڈیم کو شہباز سینئر سے منسوب کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ مخیر افراد کے مالی تعاون سے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو تین لاکھ روپے اور رنرز اپ ٹیم کو دولاکھ روپے کے انعامات دیئے جائیں گے۔

اسی طرح مین آف دی سیریز کو پچیس ہزار اور ہر مقابلے کے مین آف دی میچ کو پانچ پانچ ہزار روپے کے انعامات دیئے جائیں گے۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہاکہ راولپنڈی میں فٹ بال گراونڈ بھی بنائے جا رہے ہیں۔ این اے 52 میں نئے پارک کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی پارکس ، جاگنگ ٹریکس اور دیگر کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اور راولپنڈی کے ترقیاتی کاموں پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر عابد ملک نے کہاکہ راولپنڈی میں گراس روٹ لیول پر کھیلوں کی سہولیات عام کی گئی ہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ نوجوانوں کو انٹر نیٹ سے ہٹا کر گراونڈز میں واپس لایا گیا ہے ۔ راجہ محمد حنیف نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں یونین کونسلوں کی سطح پر نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں اور نوجوانوں کو اربوں روپے کی لاگت سے کھیلوں کے بہترین مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہاکہ کھیلوں کے زریعے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی و کوچ ثقلین مشتاق نے کہا کہ جسم کی مضبوطی سے ایمان بھی مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت سرگرمیوں سے نوجوان کو برائیوں سے دور رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :