جنرل ہسپتال میں یورالوجی آؤٹ ڈور2 دن کی بجائے ہفتہ بھر کام کرے گا

سپیشلسٹ، کنسلسٹنٹ ڈاکٹر گردہ و مثانہ کے مریضوں کا معائنہ وعلاج کیلئے روزانہ کی بنیاد پر دستیاب ہونگے

اتوار 18 دسمبر 2016 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) جنرل ہسپتال انتظامیہ کا ایک اور احسن اقدام، یورالوجی آؤٹ ڈور 2 روز کے بجائے ہفتہ بھر کام کرے گا جہاں پر سپیشلسٹ/کنسلٹنٹ ڈاکٹر مریضوں کا معائنہ و علاج کیلئے دستیاب ہوں گے - پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر محمد نذیر کے مطابق یہ بات مشاہدے میں آئی تھی کہ ایل جی ایچ میں دور دراز سے لوگ سفر کر کے معائنہ کیلئے آتے ہیں تا ہم ہفتہ میںصرف دو دن منگل اور جمعرات چیک اپ کیلئے مخصوص ہونے کی وجہ سے انہیں اکثر مایوس لوٹنا پڑتا تھا- لہذا پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب کی ہدایت اور ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر غلام صابر کے تعاون سے اب ہسپتال میں یورالوجی آؤٹ ڈور تمام ہفتہ کھلا رہے گا اور شعبہ بیرونی مریضاں کے اوقات میں سپیشلسٹ ڈاکٹر زاور کنسلٹنٹس گردہ و مثانہ کی بیماری میں مبتلا افراد کا روزانہ کی بنیادپر چیک اپ کریں گے اور علاج معالجہ کی تشخیص کی جائے گی - پرنسپل پروفیسر غیاث النبی نے اس بارے میں بتایا کہ وہ شہری جن کو علاج کیلئے انتظار کی زحمت اٹھانا پڑتی تھی نئے انتظام سے ان کی مشکلات ختم ہو جائیں گی اور پہلے کی نسبت کہیں زیادہ تعداد میں لوگ جنرل ہسپتال کے شعبہ یورالوجی میں علاج معالجہ کی غرض سے مستفید ہو سکیں گے ۔

متعلقہ عنوان :