گیس کی قیمتوں کیلئے پیٹرولیم ، بجلی اور ایل پی جی کی طرز پر فارمولے کا نفاذ ہونا چاہیے ‘ ایم ڈی سوئی گیس

انتہائی سستی ہونے کے باعث بے دریغ ضیاع کیا جارہاہے ،ایک ماچس کی تیلی سے جلائے جانیوالے چولہے پر ناشتے سے رات تک کا کھانا بنتا ہے‘ امجد لطیف

اتوار 18 دسمبر 2016 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی نادرن گیس پائپ لائنزامجدلطیف نے کہا ہے کہ قدرتی گیس کی قیمتوں کے لئے پیٹرولیم ، بجلی اور ایل پی جی کی طرز پر فارمولے کا نفاذ ہونا چاہیے ، قدرتی گیس انتہائی سستی ہونے کے باعث اس کا بے دریغ ضیاع کیا جارہاہے اور ایک ماچس کی تیلی سے جلائے جانے والے چولہے پرصبح کے ناشتے سے لے کر رات تک کا کھانا تک بنتاہے ،زیر التواء درخواستوں پر تیز ترین رفتار سے کنکشنز مہیا کئے جارہے ہیں لیکن ہمارے پاس گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں۔

ایک انٹر ویو میں ایم ڈی ایس این جی پی ایل امجد لطیف نے کہا کہ ایک گھر کا اوسطاًبل تین سو روپے تک آتا ہے جبکہ یہ ایک ہزار روپے سے زیادہ کسی کا بل نہیںہوتا جبکہ اس کے مقابلے میں جن علاقوں میں قدرتی گیس نہیں اور ایل پی جی کا استعمال ہوتا ہے ان کے اخراجات بھی دیکھ لئے جائیں۔

(جاری ہے)

قدرتی گیس سستی ہونے کے باعث اس کا ضیاع ہو رہا ہے جسے روکنے کیلئے قیمتوں میں اضافہ نا گزیر ہے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ بجلی ، پیٹرولیم اور ایل پی جی کی قیمتوں میں تو اضافہ ہو جاتا ہے لیکن جب سوئی گیس کی باری آتی ہے تو اس میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں۔کمپنی حکومت سے مالی امداد لے کر اپنے معاملات چلا رہی ہے او رجب ہماری آمدنی نہیں ہو گی تو ہم گیس کے مزید ذخائر کی دریافت اور ترقی کیلئے کہاں سے وسائل لائیں گے۔