عوام، فلاحی وسماجی تنظیمیں اور حکومت غریبوں کی مدد کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کریں، صوبائی امیر جماعت اسلامی

الخدمت فائونڈیشن غربت کے خاتمے کے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے، عبدالحق ہاشمی کا خطاب

اتوار 18 دسمبر 2016 17:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ عوام، فلاحی وسماجی تنظیمیں اور حکومت ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔منتخب نمائندوں کو بھی عوام کی مشکلات وپریشانیوں کودیکھتے ہوئے غریبوں کی مدد کے حوالے سے کام کرنا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز الخدمت فائونڈیشن کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایمبولینس سروس،ڈائگنوسٹک سینٹر اور الخدمت ایمانا ہسپتال سے لاکھوں غریب لوگ مستفیدہورہے ہیں انہی پراجیکٹس کی وسعت وترقی کیلئے ہم جدوجہد کر رہے ہیں ہمیں فخر ہے کہ الخدمت فائونڈیشن نے بلوچستان میں بھی اجتماعی کاموں کے مختلف پراجیکٹس پر کام شروع کیا ہے انشاء اللہ وقت اوروسائل کی فراہمی کیساتھ ساتھ ہم اس میں وسعت وترقی لے آئیں گے الخدمت فائونڈیشن ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی غربت کے خاتمے اور غریبوں کی مشکلات کم کرنے کے حوالے سے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

الخدمت فائونڈیشن بلوچستان نگران کمیٹی کااہم اجلاس صوبائی صدر میر محمد عاصم سنجرانی کی صدارت میں الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقدہوااجلاس میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ،الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی نائب صدر عبدالواحدناصر بھی شریک رہے اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن کی اب تک کی کارکردگی کاجائزہ لیاگیا اور مستقبل کے حوالے سے مختلف اہم فیصلے ومشاورت بھی کی گئی ۔

الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی صدر میر محمد عاصم سنجرانی نے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی کو کارکردگی مسائل ومنصوبہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غربت بے روزگاری اورمہنگائی نے بلوچستان میں کم آمدنی والے خاندانوں کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے دکھی انسانیت کی خدمت سے روحانی سکون کیساتھ دنیا وآخرت کی کامیابیاں نصیب ہوتی ہیں الخدمت فائونڈیشن بلاتفریق رنگ ونسل پریشان حال لوگوں کی خدمت کر رہی ہے ۔

صوبے میں تعلیم وصحت اورروزگار کے کم ذرائع کی وجہ سے الخدمت فائونڈیشن کے کام بڑھ گیے ہیں ہم انشاء اللہ کم آمدنی والے خاندانوں یتیموں بیوائوں اور بے سہاراافرادکی کفالت کے پراجیکٹس کومزید وسعت اور ترقی دیں گے مخیر حضرات تاجر برادری سماجی سیاسی تنظیمیں الخدمت فائونڈیشن کی دکھی انسانیت کی خدمت میں ساتھ دیں۔