سرکاری ادویات کی خوردبرد اور فرائض میں غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی‘ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ

ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے ایم ایس کارکردگی بہتر بنائیں،ایمر جنسی میں آنے والوںکیلئے سٹریچرز، وہیل چیئرزکیسا تھ خدمت گارکھڑے کئے جائیں‘ خواجہ عمران نذیر

اتوار 18 دسمبر 2016 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی ہے کہ ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اپنے ہسپتالوں کی کارکردگی بہتربنانے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کابروقت علاج یقینی بنانے کے لئے وارڈ کے سامنے وہیل چیئرز ، سٹریچرزاو رباوردی اہلکار کھڑے کئے جائیں جو مریض کو فورا وارڈ کے اندر پہنچائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سرکاری ادویات کی خوردبرد اور فرائض میں غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی-انہوں نے یہ بات اتوار کے روز تمام ضلعی وتحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سیداور محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھی-خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ وزیراعلی محمد شہبازشریف صحت کے شعبے کی ترقی اور صوبے کے عوام کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینے کے لئے دن رات کوشاںہیں اور ذاتی طورپر بھی ہسپتالوں کے دورے کرکے صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں-خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ صوبے کے 40ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا کام شروع ہو چکا ہے جسے احسن طریقے سے مکمل کرنے کے لئے ایم ایس حضرات کو مستعدی سے کام کرنے کی ضرورت ہے - انہوںنے کہاکہ غریب مریضوں کو ادوایات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ادویات کی لوکل پرچیز کا ریکارڈ مکمل رکھا جائی-انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ہسپتال کے تمام سٹاف کا اجلاس منعقدکریں او رانہیں نئی ہدایات دیں-صوبائی وزیر نے کہا کہ جو کام نہیں کرتا اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی-اجلاس میں ڈینگی کی طرز پر مچھر سے پھیلنے والی بیماری چکن گنیا کے بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا-سیکرٹری علی جان خان نے تمام ایم ایس او رای ڈی اوز کو ہدایت کی کہ علاقے کے کئی ممالک بشمول بھارت میں پائی جانے والی چکن گنیا بیماری کی روک تھام کے لئے ڈینگی سرویلنس ، ویکٹر سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے او راس حوالے سے مرتب کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیاجائے تاکہ یہ بیماری یہاں نہ پھیلنے پائے -اجلاس کو بتایا گیاکہ صوبے میں ایڈز کے مریضوں کے لئے ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے یہ ادویات گلوبل فنڈ کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہیں او رتمام رجسٹرڈ مریضوں کو ادویات پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام باقاعدگی سے فراہم کر رہاہی-اجلاس میں ضلعی وتحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں جاری تزئین وآرائش و دیگر ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا گیا- اجلاس میں سٹاف کی حاضری، ادویات کے سٹاک کی دستیابی، طبی آلات او رمشینری کی ورکنگ ، صفائی اور سینیٹیشن کے حوالے سے ہر ہسپتال کی کارکردگی کا انفرادی طو رپر جائزہ لیا گیا-