کرسمس کا تہوار محبت ،امن،سلامتی اور ہم آہنگی کا پیغام لاتا ہے‘ خلیل طاہر سندھو

ہمیں متحد ہو کر کسی ذات پات،مذہب اور رنگ ونسل کی تفریق کے بغیر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہو گا وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کی یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں کرسمس کی تقریب میں گفتگو

اتوار 18 دسمبر 2016 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ کرسمس کا تہوار محبت ،امن،سلامتی اور ہم آہنگی کا پیغام لاتا ہے اور ہمیں متحد ہو کر بحیثیت قوم کسی ذات پات،مذہب اور رنگ ونسل کی تفریق کے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دے کر ملک وقوم کی سلامتی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے یہ بات یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے اس موقع پر کرسمس کیک کاٹا اور مسیح برادری کو کرسمس کی خوشیوں کے لئے نیک تمنائوں اور خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم،پرنسپل ایون جوزف ،فادر ظفر تنویر،پاسٹر سٹیفن الیاس کے علاوہ کالج کے طلبا وطالبات اور مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں شرکاء کو کرسمس تحائف بھی دئیے گئے۔خلیل طاہر سندھو نے مسیح برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کی اخوت اور درگزر کے پیغام کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مذہب اور رنگ ونسل کی قید سے آزاد ہو کر ایک دوسرے کے زخموں پر مرہم رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے کی طرف سے کالج کے مسیحی طلبا وطالبات ،اساتذہ اور سٹاف کے لئے کرسمس کی تقریب منعقدکرنا ایک اچھی روایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم ؒ نے 11اگست 1947 کو یہ ارشاد فرمایا تھا کہ پاکستان میں ہر مذہب کے لوگوں کو اظہار اور عبادت سمیت تمام مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب حقوق العباد کی بجا آوری کی تعلیم دیتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ عدم اعتماد کی بڑھتی ہوئی فضا میں ہم رواداری ،برداشت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیں۔تقریب سے چیئرمین انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم ،ریورنڈ فادر ظفر تنویر،پاسٹر سٹیفن اور پرنسپل ایون جوزف نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں کرسمس کی خوشیوںچ اور پیغام پر مبنی خوبصورت گیت پیش کئے گئے جبکہ تقریب کے اختتام ملک وقوم کی ترقی ،خوشحالی اور مسیحی برادری کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :