فرانس ،پاکستانی سفارتخانے کے زیراہتمام پاکستانی عیسائی کمیونٹی کیلئے کرسمس ڈنر کا اہتمام

کرسمس ڈنر میں عیسائی کمیونٹی،اراکین پارلیمنٹ،حکومتی اہلکار،سول سوسائٹی نمائندگان اور میڈیا پرسنزکی شرکت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے،اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے،پاکستانی سفیر

اتوار 18 دسمبر 2016 14:40

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے فرانس میں موجود پاکستانی عیسائی کمیوٹی کیلئے کرسمس ڈنر کا اہتمام کیا جس میں مذہبی پیشوا پاکستانی فرانسیسی عیسائی کمیونٹی اور اراکین پارلیمنٹ،فرانسیسی حکومت کے اہلکار،سول سوسائٹی کے نمائندگان اور میڈیاپرسنز نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے عیسائیت کی تعلیم پر روشنی ڈالی جس میں بردباری،بھائی چارے اور مساوات کا پیغام دیا گیا ہے۔مقررین نے کہاکہ عیسائیت میں انسانیت کے ساتھ بہتر رویے سے پیش آنے اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی تعلیم دی گئی ہے،فرانس کی نیشنل اسمبلی میں پاکستان فرانس فرینڈشپ گروپ کے صدر فرنکویس پاپونی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

جنہوں نے تقریب میں فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کے فرانس کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پرروشنی ڈالی۔

انہوں نے کہاکہ فرانس میں موجود پاکستانی کمیونٹی ایک ذمہ دارانہ شہری کے طور پر اپنا کردا ادا کرر ہیہے،انہوں نے پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ مستحکم تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں۔اس موقع پر فرانس میں موجود پاکستان کے سفیر معین الحق نے تقریب میں موجود شرکاء کا شکریہ اور ان کیلئے اس موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے اور پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں موجود عیسائی کمیونٹی قومی خوشحالی اور ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اس موقع پر تقریب میں موجود عیسائی کمیونٹی کے رہنمائوں نے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے عیسائی کمیونٹی کیلئے ضیافت کے انعقاد پر پاکستانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر خصوصی طور پر کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب میں بچوں نے کلچرل پرفامنس پیش کی گئی۔(خ م)