فلموں کے حوالے سے 2017ء میں بھی مصروف رہوں گا،نئے فنکار متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہوں، کم بجٹ کی فلمیں بنانے کی اشد ضرورت ہے، فلم انڈسٹری جب بھی ترقی کرے گی لاہور سے کریگی،نامور فلمساز وں کوعملی طور پر کام کرناچاہئے،ہدایتکار شہزاد حیدر

اتوار 18 دسمبر 2016 12:40

لاہور۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) ہدایت کار شہزاد حیدر نے کہا کہ 2016ء کے بعد اب وہ 2017ء میں بھی مصروف رہیں گے۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ2017ء میں میری آدھی درجن کے قریب نئی فلمیں ریلیز ہونے کا امکان ہے،ان فلموں میں ’’ سہاگ دیاں چوڑیاں‘‘ جگا جگ دا، طوائف، تم سے ہے عاشقی، ہیرا موتی اور بوائے فرینڈ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شہزاد حیدر نے بتایا کہ میں نے 2016ء میں اور اب نئے برس میں بھی کم بجٹ کی فلمیں بنانے پر کام شروع کر رکھا ہے، اس کے علاوہ فلموں میں نئے فنکار بھی متعارف کرانے کا ارادہ ہے، انہوں نے بتایا کہ میں نے 2016ء میں متعدد نئے چہرے متعارف کرائے جن میں اداکارہ ماہی خان، سحر ملک، شہزاد چوہدی، خرم شہزاد، ارشد اوردیگر شامل ہیں، شہزاد حیدر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لاہور میں کم بجٹ کی فلمیں بنانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ جن سینمائوں میں جدید ٹیکنالوجی نہیں ہے وہاں کم بجٹ کی فلموں کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ پرانے سینمائوں میں ٹکٹوں کی شرح بھی کم ہوتی ہے، شہزاد حیدر نے کہاکہ فلم انڈسٹری جب بھی ترقی کرے گی لاہور سے کریگی، کراچی میں اب تک جتنی بھی فلمیں بن کر ریلیز ہوئی ہیں ان کو فلم نہیں بلکہ ٹیلی فلم کہنا زیادہ مناسب ہو گا، انہوں نے کہا کہ کم بجٹ کی فلمیں انڈسٹری کو اہم بنانے میں فیصلہ کن ثابت ہو نگی، نیز ہمارے ماضی کے وہ نامور فلمساز جنہوں نے ایک طویل عرصہ اچھی اور کامیاب فلمیں بنائیں انہیں اب محض اخباری بیانات سے ہٹ کر عملی طور پر فلمسازی کرنی چاہئے، اب تو بھارتی فلموں کی نمائش بھی بند ہے تو کس بات کا نتظار ہے۔

متعلقہ عنوان :