پاکستانی سینما مالکان کا بھارتی فلموں کی نمائش پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان

پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش (آج)پیر سے شروع کردی جائے گی بھارتی فلموں کی نمائش معطل کی تھی اور ان پر مکمل طور پر پابندی عائد نہیں کی گئی تھی‘سینما مالکان

اتوار 18 دسمبر 2016 11:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان کے سنیما مالکان نے بھارتی فلموں پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے (آج)پیر سے ملک بھر میں ہندوستانی فلموں کی نمائش شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ایک رپورٹ کے مطابق(آج)پیر سے پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش شروع کردی جائے گی۔سنیما مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھارتی فلموں کی نمائش معطل کی تھی اور ان پر مکمل طور پر پابندی عائد نہیں کی گئی تھی۔

ایٹریم سنیما کے مالک ندیم مانڈی والا نے اس بات کی تصدیق کی کہ بھارتی فلموں کی نمائش پر جو پابندی تھی وہ (آج) پیر سے اٹھالی جائے گی۔پابندی ختم ہونے کے بعد جو پہلی فلم نمائش کے لیے پیش کی جائے گی وہ نواز الدین صدیقی کی فلم ’’فریکی علی‘‘ ہوگی۔

(جاری ہے)

ندیم مانڈی والا نے کہا کہ پابندی کی وجہ سے جو فلمیں نمائش سے رہ گئیں تھیں انہیں پہلے نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اکتوبر کے مہینے میں ندیم مانڈی والا نے اشارہ دیا تھا کہ پاکستانی سینمائوں کے مالکان اور دیگر فریق آئندہ چند روز میں ملاقات کرکے بھارتی فلموں پر پابندی کے حوالے سے نئے لائحہ عمل پر غور کریں گے اور اس میں نرمی بھی کی جاسکتی ہے۔یہ بات مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے چیف ایگزیکٹو اور ایٹریم سینما کے مالک ندیم مانڈوی والا نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پابندی سے دونوں طرف نقصان ہوگا، 40 سال تک یہاں بھارتی فلموں کو ریلیز کرنے کی اجازت نہیں تھی، جبکہ پاکستانی فنکاروں نے وہاں کام نہیں کیا تھا، اگر دروازے ہم نے کھولے تو دروازے ان کی جانب سے بھی کھولے گئے ہیں، پاکستانی اسٹارز، گلوکار وہاں جا رہے ہیں اور کام کررہے ہیں، تو اس سے انہیں بھی اتنا ہی نقصان ہوگا جتنا ہمارا ہے، ہم تو ایسا نہیں چاہتے تھے، مگر وہاں پابندی عائد کرکے ہمیں مجبور کردیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت نے 18 ستمبر کو کشمیر میں اڑی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس سلسلے میں 30 ستمبر کو انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی ای) نے پاک۔ بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر بولی وڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :