جدو جہد آزادی کیلئے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شیخ فیاض الدین

اتوار 18 دسمبر 2016 00:40

خانپور۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء)ایم این اے حلقہ این اے 193شیخ فیاض الدین نے کہا ہے کہ عالمی بنک معاملے کی تہ تک پہنچ چکا ہے‘ بھارت کو آبی جارحیت پر شرمندگی کا سامنا ہو گا‘ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی‘ پوری دنیا کی نظریں کشمیر پر ہیں‘ اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) رہنمائوں و کونسلرز حاجی محمد مراد خان رند ،شیخ وقار الدین ،شیخ ریاض الدین ،سید مظہر حسین شاہ ،اقبال صادق بلوچ ،شیخ ذیشان علی سے ملاقات کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی کشمیر کاز پر خاموشی سے کشمیریوں کو نقصان اٹھانا پڑا‘ آخری دم تک کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جنگ کا ساتھ دیتے رہیں گے ‘ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی کے لیے تیز رفتاری سے کام مکمل کر رہی ہے‘ مقامی اور ضلعی حکومتوں میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی سے ترقی کا پہیہ تیز ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف یا پیپلز پارٹی سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں‘ مسلم لیگ ن کی حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے‘ باشعور طبقہ ملک و قوم کی بہتری کے لیے مسلم لیگ ن کا ساتھ دے رہاہے عوام نے ساتھ دیا تو 2018تک کراچی کی روشنیاں واپس لانے کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر بڑے شہروں کو مستحکم کریں گے ‘ کاروباری شعبہ کی ترقی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچتا ہے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کافی حد تک ختم ہو چکی ہے اس میںمسلم لیگ ن کی حکومت کے ساتھ ساتھ واپڈا افسران اور اہلکاروں کا بھی نمایاں کردار ہے انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اور قوم کے افراد مل کر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہیں ۔