وطنِ عزیز کو پولیو فری بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے،ڈی سی او

ہفتہ 17 دسمبر 2016 23:50

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء) ڈی سی او زید بن مقصود نے کہا ہے کہ موذی مرض پولیو کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کو پولیو فری بنانا حکومت کا ہدف ہے، وطنِ عزیز کو پولیو فری بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور محکمہ صحت کے افسران و ملازمین اس کے جڑ سے خاتمہ کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کردیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پر تین روزہ انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر فضل کریم،ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کسرا،ایم ایس ڈاکٹر اکبر علی بھٹی،ڈی ڈی اوز ہیلتھ ڈاکٹر محمد آصف ،ڈاکٹر محمد ارشد سمیت دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے ،ڈی سی او نے کہاکہ19دسمبر سے شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کے افسران پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی چیکنگ کو یقینی بنائیںمہم کے دوران حدف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر فضل کریم نے اس موقع پر بتایا کہ ضلع خانیوال میں انسداد پولیو مہم کے دوران498739پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس میںمحکمہ صحت کی100سپر وائزر اور 229ایریاز انچارجز پر مشتمل 1190 ٹیمیں حصہ لیں گی، یہ ٹیمیں سکولوں ،ہسپتالوں ،ڈسپنسریوں ،بس اسٹینڈز ،ریلوے اسٹیشنز اور ٹول پلازوں پر بھی پولیو کے حفاظتی قطرے پلائیں گی، انہوں نے بتایا کہ ضلع خانیوال میں تا حال پولیو کا کوئی مریض نہ ہے، انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلوا کر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں ،پولیو کے قطرے پلانے بارے معلومات و شکایات کے سلسلہ میں پولیو کنٹرول روم ڈی سی او آفس کے ٹیلی فون نمبر 065-9200147پر رابطہ کیا جاسکتا ہے، قبل ازیں ڈی سی او زید بن مقصود نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلا کر تین روزہ پولیو مہم کاافتتاح کیا ۔

متعلقہ عنوان :