22دسمبر کو ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے الیکشن میں مخالفین کو عبرت ناک شکست ہوگی‘ چودھری ارمغان سبحانی

ہفتہ 17 دسمبر 2016 22:45

سیالکوٹ۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ 22دسمبر کو ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمینوں کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ہی کامیاب ہونگے اور مخالفین کو عبرت ناک شکست ہوگی‘ مسلم لیگ ن کی نامزد امیدواران منتخب ہوکر ضلع تعمیر و ترقی کیلئے 4سالہ ترقیاتی منصوبے کو تشکیل دیں گے اورضلع سیالکوٹ کو ترقی کے حوالے سے ایک مثالی شہری بنا کر دم لیں گے ‘ خلوص نیت اور ایمانداری سے عوامی مسائل حل کرینگے اور عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیداور وائس چیئرمین ضلع کونسل سیالکوٹ چودھری جمیل اشرف کی جانب سے ممبران ضلع کونسل سیالکوٹ کے اعزاز میں بھلو والی میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اراکین صوبائی اسمبلی محسن اشرف، رانا عبدالستارخاں، چودھری ارشد وڑائچ، رانا محمد افضل، رانا لیاقت علی، رانا اقبال ہرناہ اور آصف باجوہ، پاکستان مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حنا ارشد وڑائچ، امیدواران وائس چیئرمین چودھری جمیل اشرف، ضیافت علی اعوان اور چودھری رضا سبحانی ایڈووکیٹ، نوید اشرف، اسد منشاء اللہ بٹ، محمود الحسن بابر خاں ، نبیل لون اوررانا عارف ہرناہ کے علاوہ یوسی چیئرمینوں ، وائس چیئرمین اور کونسلرز بھی اس موقع پر کثیر تعداد میں موجود تھے۔

ایم این اے چودھری ارمغان سبحانی نے کہاکہ 2013 ء کے انتخابات میں جب پاکستان کی غیور عوام نے محمد نواز شریف کی حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیاتو وزیر اعظم نے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ملک کی قیادت کا حق اس طرح ادا کیا کہ دونوں مسئلے حل ہونے کو ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ خوشحالی روشن مستقبل ہی ہماری قوم کا مقدر ہے لیکن اسی صورت ممکن ہے جب عوام 2018ء کے الیکشن میں اپنے ووٹ کا استعمال محب الوطن سیاست دانوں کے حق میں استعمال کریں ۔

انہوں نے کہاکہ 22 دسمبر سے بلدیاتی نظام مکمل ہونے جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ بلدیاتی نظام صوبے کی تقدیر بدل کررکھ دے گا اور بالخصوص دیہی علاقوں کے رہنے والے لوگ بھی یہ محسوس کرسکیں گے کہ ان کے مسائل حل ہورہے ہیں اور معیار زندگی بہتر ہورہا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حنا ارشد وڑائچ، امیدواران وائس چیئرمین چودھری جمیل اشرف، ضیافت علی اعوان اور چودھری رضا سبحانی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ منتخب ہوکر عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گااور پورے ضلع کی بلا امتیاز تعمیر و ترقی کیلئے میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مسلم لیگ کے مرکزی اور مقامی قیادت کی جانب سے اپنے اوپر اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیااور عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی خلوص نیت سے انجام دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :