کمشنربہاولپور کی زیر صدارت چولستان ڈیزرٹ ریلی کی روٹ کمیٹی کااجلاس

ہفتہ 17 دسمبر 2016 22:44

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء)چولستان ڈیزرٹ ریلی2017ء کے انعقاد کے لئے کمشنربہاولپور ثاقب ظفر کی صدارت میں روٹ کمیٹی کاخصوصی اجلاس منعقد کیاگیا۔اجلاس میں اے سی بہاولپور وسیم خان،چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی ای)کے امتیازلاشاری،ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب(ٹی ڈی سی پی)کے ایونٹ منیجرفیاض خان،ٹی ڈی سی پی بہاولپور کے انچارج شاہد محمود،ٹی ڈی سی پی ملتان کے ڈپٹی منیجرشیخ اعجاز اور اوبھارا فائونڈیشن کے میجر(ر)طاہر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈیزرٹ ریلی کے حوالے سے جس کاروٹ تین اضلاع بہاولپور،رحیم یارخان اوربہاولنگر تک بڑھادیاگیا ہے ،کے روٹ کے تعین کے لیے تین مختلف نقشوں پرغوروخوض کیاگیا۔میٹنگ میں پیش کیے گئے نقشوں میں سے پہلا 496 کلومیٹر،دوسرا475کلومیٹر اورتیسرا 455کلومیٹر کے روٹ کو ظاہر کرتا ہے۔تاہم میٹنگ میں فیصلہ کیاگیا کہ تینوں نقشوں کو سامنے رکھ کر روٹ کے بارے میں 19دسمبر کو دوبارہ منعقد ہونیوالی میٹنگ میں فیصلہ کیاجائے گا ۔اجلاس میں ٹی ڈی سی پی کے ایونٹ منیجر فیاض خان نے ریلی کیلئے درکار انتظامات سکیورٹی اور دیگر اداروں کی ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔