نبی کریم ﷺ کی سیرت پر عمل کرکے ہی پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی مملکت بنایا جا سکتا ہے،مولانا عبداللہ

ہفتہ 17 دسمبر 2016 22:44

فیصل آباد ۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء) معروف عالم دین مولانا عبداللہ نے کہا کہ عید میلا دالنبی منانے کے ساتھ ساتھ ہمیں اسوہ حسنہ کی تقلید کا بھی عہد کرنا ہوگا تا کہ ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔ عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں عید میلا دالنبی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان سپیکر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضر ت محمد ﷺ کو محسن انسانیت بنا کر بھیجا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ اسلام کی حقانیت اور رسول اکرم ؐ کی سیرت طیبہ ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں جس طرح غریبوں اور مسکینوں سے سلوک کیا اس کی مثال آج کے ترقی یافتہ اور متمدن دور میں بھی نہیں ملتی۔ انہوں نے غیر مسلمانوں سے نبی کریم ﷺ کے سلوک کے بارے میں کئی واقعات پیش کئے اور بتایا کہ آپ کے اخلاق کی وجہ سے آپ پر روزانہ گندگی پھینکنے والی عورت بھی مسلمان ہو نے پر مجبور ہو گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج بھی دنیا میں امن اور فلاحی معاشرے کیلئے اسلامی تعلیمات اور سیرت رسول مقبول ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب عید میلا دالنبی ؐ انتہائی جوش و خروش سے مناتے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ ہمیں آپ کی سیرت کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کیلئے بھی شعوری کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی سیرت پر عمل کرکے ہی ہم پاکستان کو اسلام کی عین روح کے مطابق ایک اسلامی فلاحی مملکت میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر قیصر محمود نے کہا کہ سیر ت النبی پوری مسلم امہ کیلئے مینارہ نور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس اہم تعلیمی ادارہ میںبھی ڈاکٹروں کو پیشہ وارانہ تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ حضور کے اخلاقیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جاتا ہے تا کہ وہ اچھے ، با اخلاق اور لوگوں کے دکھ بانٹنے والے معالج بن سکیں۔

انہوں نے عید میلا دالنبی کے سلسلہ میں اس باوقار تقریب کا انعقاد کرنے پر آرگنائزنگ کمیٹی کے پروفیسر ڈاکٹر قدوس الرحمن ، پروفیسر ڈاکٹر نعیمہ جاوید، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عنبرین فرخ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے اس تقریب کا انعقاد کیا۔ اختتامی کلمات میں ڈائریکٹر سیکرٹریٹ اینڈ ایچ آر مسٹر اعجاز حسین نے اس تقریب کے انعقاد پر پرنسپل اور آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے اس روح پرور تقریب کا انعقاد کرکے عید میلا دالنبی منانے کا حق ادا کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید میلا دالنبی نہ صرف ہمیں حضور ؐ سے محبت کرنے بلکہ ان کے اسوہ حسنہ کی تقلید کرنے کا بھی درس دیتی ہے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ بعد ازاں طالبات نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروفیسرڈاکٹرنوراکبرسیال،مینجرفنانس اینڈاکائونٹس آفتاب احمداورمینجرایچ آرکرنل نثاربھی موجودتھے۔جبکہ آخر میں کالج مینجمنٹ کمیٹی کے رکن انوارالحق ، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر قیصر محمود اور ڈائریکٹر سیکرٹریٹ اینڈ ایچ آر مسٹر اعجاز حسین نے اس تقریب میں شرکت کرنے والوں میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :