پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے کوئی ا س کی ترقی کو نہیں روک سکتا‘ محمد رفیق رجوانہ

ہفتہ 17 دسمبر 2016 21:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے کوئی ا س کی ترقی کو نہیں روک سکتا۔عزم اور حوصلہ سے سب کچھ ہوسکتا ہے اپنے خوابوں کو مرنے نہ دیں ہمیشہ زندہ رکھیں ہم ستاروں پر کمند ڈال سکتے ہیں۔ ہماری طالبات میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں‘ انہیں ملک اور قوم کی خدمت کے لئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

طالبات کو تعلیم حاصل کرنے کے بعد گھر بیٹھنے کے بجائے عملی میدان میں آکر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ہمارے ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے ہمیں عام انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار دی وومن یونیورسٹی ملتان کے پہلے کانووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین ‘ وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ حسنین‘ ملک اعجاز رجوانہ‘ یونیورسٹی اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔طلباء و طالبات کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ بیرون ملک پی ایچ ڈی سکالرشپ‘ پسماندہ علاقوں کے طلباء وطالبات کی فیس ری ایمبرسمنٹ سکیم‘ لیپ ٹاپ کی فراہمی اور پیف سکالرشپ سے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم ہورہے ہیں۔

حکومت نے تعلیمی شعبے کو خصوصی ترقی دے کر جنوبی پنجاب میں کئی نئی یونیورسٹیاں ‘ میڈیکل کالجز بنا کر اس علاقے کے طلباء و طالبات کے لئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مذہب بھی ہمیں تعلیم حاصل کرنے کا درس دیتا ہے۔ آج اپنی ڈگریاں اور گولڈ میڈلز حاصل کرنے والی طالبات کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ اپنے اساتذہ کی عزت کریں اور جو آج گولڈ میڈلز انہیں عطاکئے گئے ہیں ان کو وہ اپنی والدہ کی گو د میں ڈالیں جن کی محنت اور دعائوں سے آپ لوگ آج اس مقام پر پہنچے ہیں۔

گورنر پنجا ب نے مزید کہا کہ بیٹیاں اللہ تعالیٰ کی نعمت ہوتی ہیں اللہ ان کے نصیب اچھے کرے اور وہ ہمیشہ خوش رہیں۔ ہمیں اپنی ان بیٹیوں کی اچھی تعلیم و تربیت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے صلاحیتوں اور ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ وہ آج بہترین ڈاکٹرز‘ انجینئرز‘ پائلٹ ‘ اساتذہ سمیت دیگر شعبوں میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے ملک کی خدمت کر رہی ہیں۔

انہوںنے مزید کہا کہ آپ لوگ ہمارا سرمایہ ہیں ہمیں آپ سے بہت سی توقعات ہیں ‘ پاکستان کا مستقبل آپ سے وابستہ ہے۔ ہمیں قومی ایجنڈے پر کام کرنا ہوگاگورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ وومن یونیورسٹی ملتان کے حوالے سے جو مطالبات کئے گئے ہیں ان کو حل کرنے کے لئے تمام وسائل اور کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی تاکہ اس ادارے کو ہم بہترین اور اعلیٰ میعارپر لے جائیں۔

کانووکیشن میں 620طالبات کو ڈگریاں ایوارڈ کی گئیں اور15طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازاگیا۔کانووکیشن کی تمام کارروائی اردوزبان میں کی گئی۔ جس پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ بعدازاں:گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سرکٹ ہائوس ملتان میں ملاقات کی اور گورنر پنجاب کے بھانجے ملک محمد الیاس رجوانہ کی وفات پر اظہارِ تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور اس کے درجات کو بلند کرے۔ جواں سالہ ملک محمد الیاس رجوانہ کی وفات خاندان کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ہے، اللہ تعالیٰ اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت وحوصلہ دے اورلواحقین کو صبرِ جمیل دے۔اس موقع پر مرحوم کے والد ملک محمد حفیظ رجوانہ اور بھائی ملک احمد رجوانہ ، چیئرمین یونین کونسل ملک اعجاز رجوانہ، سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید صدیقی، سابق ایم پی اے عثمان بھٹی، محمد نعیم خان بھی موجود تھے۔