ضلع راجن پور کے مختلف سرکاری و پرائیویٹ اداروں میں سانحہ پشاورمیںشہید ہونے والے بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقاریب

ہفتہ 17 دسمبر 2016 21:06

راجن پور۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء)ضلع راجن پور کے مختلف سرکاری و پرائیویٹ اداروںکے زیراہتمام سانحہ پشاورمیںشہید ہونے والے بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقاریب کا اہتمام کیاگیا جس میں مقررین نے کہا کہ دہشتگردوں نے حملہ کر کے معصوم پھول نما بچوں کو شہید کر کے بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔بچے قوم کا سرمایہ ہیں ان کی صحیح تربیت سے ہی ملکی ترقی کا راز مضمر ہے۔

سانحہ پشاور تاریخ کا ایک شرمناک واقعہ ہے۔مگر بچوں سمیت پوری قوم کے حوصلے بلند ہیں۔اور تعلیمی میدان میں ہی ملک دشمنوں کا مقابلہ پاکستانی قوم کا شیوہ بن چکا ہے۔ایسی حرکات کے مرتکب عناصر انسانیت کے نام پربد نما داغ ہیں۔سانحہ پشاور کے بعد بچہ بچہ اس عزم کا اعادہ رکھتا ہے کہ وہ پڑھ لکھ کر اپنے شہید سٹوڈنٹس بھائیوں کا بدلہ چکائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سٹوڈنٹس نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈرامہ اور ٹیبلوز کے ساتھ خاکے پیش کیے اور اپنی تقاریر میں مضبوط اعصابی اور حوصلہ مندی کا اظہار کیاجبکہ ملی نغموں اور ترانوں سے جوش و خروش دکھا کر سما باندھ دیا بچوں نے پاکستان زندہ باد کے نعروں اور شہید بچوں کی تصاویر اٹھا کر اپنی محبت کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر شہداء پشاور کے بچوں کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانیوں کابھی اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر اساتذہ سٹوڈنٹس اور ان کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔علاوہ ازیں احساس ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سانحہ اے پی ایس میںشہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اس موقع پر ننظیم کے صدر عبدالرزاق راجہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کے دل چیر کے رکھ دیئے جبکہ بچوں کاخون ہم پر قرض ہے۔ آخر میں شہداء بچوں کی مغفرت اور ان کے ورثاء کیلئے صبروجمیل کی خصوصی دعا کی گئی۔