ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس سٹاف کی انرولمنٹ اور بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے ،کمشنر ساہیوال

ہفتہ 17 دسمبر 2016 21:00

چیچہ وطنی۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء)ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس سٹاف کی انرولمنٹ اور بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے -اس کی حکم عدولی کرنے والوں کی فہرست مرتب کر کے سرینڈر کر لیا جائے گا -یہ ہدایت کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے ڈی ایچ کیو و ٹیچنگ ہسپتال کے تعمیراتی و اصلاحی منصوبے کا جائزہ لینے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا -جس میں ڈی سی او شوکت علی کھچی اور پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر تنویر حسین ظفر و ایم ایس ڈاکٹر عبدالعزیز شیخ سمیت دیگر افسران موجود تھے -کمشنر کے حکم پر لوکل پرچیز کی ادویات کی ادائیگی میں تاخیر پر سخت نوٹس لیا اور کہا کہ اس طرح کے انتظامی معاملات بروقت مکمل کرنے چاہیں تا کہ یہاں آنے والے مریضوں کو علاج معالجے میں دقت نہ ہو -انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اپنے انقلابی و اصلاحی مشن کے ذریعے ہر ادارے پر نظر رکھتے ہیں اور وقتا فوقتا انتظامی معاملات کو چیک کرنے کے لئے نکل پڑتے ہیں جس سے شہریوں کے مسائل حل کرنے مدد ملتی ہے -ضرورت اس امر کی ہے کہ صحت جیسے محکمے میں غفلت اور تاخیری حربے بند کئے جائیں ورنہ ایسا کرنے والوں کے خلاف سختی تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی -بعد ازاں کمشنر نے زیر تعمیر و مرمت مختلف یونٹس کا معائنہ کیا -