ْوزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ترکی کے شہر قیصری میں فوجی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت

وزیراعلیٰ کا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار، زخمی فوجیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا

ہفتہ 17 دسمبر 2016 20:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے ترکی کے شہر قیصری میں فوجی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدیدمذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے فوجیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ میں زخمی ہونے والے فوجیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں ترکی کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں اور ہماری تمام ترہمدردیاں جاں بحق ہونے والے فوجیوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور ہم ترک عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس عفریت سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کرنا ضروری ہیں۔ دہشت گرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور ان سفاک درندوں کا کوئی مذہب نہیں۔

متعلقہ عنوان :