بھارتی افواج کی نکیال میں معصوم بچوں پر بلااشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے ، خورشید شاہ

بھارت کھلی دہشتگردی کر رہا ہے امن پسند قومیں سخت نوٹس لیں، قائد حزب اختلاف

ہفتہ 17 دسمبر 2016 17:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھارتی افواج کی نکیال میں معصوم بچوں پر بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کھلی دہشتگردی کر رہا ہے امن پسند قومیں سخت نوٹس لیں پاکستان امن پسند ملک ہے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے پر مجبور نہ کرے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے سکول وین پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں پر بھارتی جنونی فوج کی بلااشتعال فائرنگ بھارت کی کھلی دہشتگردی ہے بھارتی جارحیت کا دنیا میں امن پسند قوموں کو فوری نوٹس لینا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی امن پسند کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے اور ہمیں اینٹ کا جواب پتھر سے دینے پر مجبور نہ کرے ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ افسوس اس بات پر ہے کہ موجودہ کٹھن حالات میں ہماری وزارت خارجہ اپنا کردار احسن انداز میں ادا کرنے میں ناکام ہو گئی ہے وزارت خارجہ اور داخلہ کی مایوس کن کارکردگی کے باعث پاکستان دشمنوں کی زد میں ہیں ۔ (جاوید)