رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے دست راست ،الحاق پاکستان کے داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے،آزاد جمو ں وکشمیر صدر ، وزیراعظم و وزیر اطلاعات کا مشترکہ بیان

ہفتہ 17 دسمبر 2016 17:24

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء) آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان ،وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاہے کہ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے دست راست ،الحاق پاکستان کے داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے ۔

رئیس الاحرار کی برسی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہاکہ چوہدری غلام عباس کی برسی عقیدت و احترام سے منانے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی ۔صدر سردار مسعود خان نے کہاکہ قائد ملت نے اپنی فہم و فراست اور بے لوث قیادت سے ڈوگرہ غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی مسلمان قوم کو آزادی کا شعوردیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسلمانان کشمیر کے لیے الگ سیاسی جماعت تشکیل دیکر ان کے حقوق کی پاسداری کا عزم چوہدری غلام عباس کا وہ کارنامہ ہے جو کبھی ذہنوں سے محو نہیں کیا جا سکتا ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ان کی محبت بے مثال تھی یہی وجہ ہے کہ جب انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر ہی دفن ہونے کی وصیت کی تھی ۔انہوں نے کہاکہ آج رئیس الاحرار کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ہے پاکستان کے ساتھ غیر مشروط الحاق یہی وہ منزل ہے جس پر چل کر کشمیریوں نے اپنے مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے ۔

وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ رئیس الاحرار پوری کشمیری قوم کے لیڈر ہیں ،وہ مسلم لیگ کے اولین سپاہی تھے اور انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ ملاقات میں کشمیر میں مسلم لیگ کی طرز پر جماعت کی بنیاد ڈالی جو اس وقت مسلمانان کشمیر کی واحد سیاسی جماعت تھی ۔انہوں نے کہاکہ وہ صاحب کردار، باعمل اوربااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور ملک و ملت کیلئے انتہا درجہ کی دردمندی رکھنے والے عظیم انسان تھے ۔

انہوں نے کہاکہ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں کشمیری قائد چوہدری غلام عباس کی خدمات بھی ہمارے ذہنوں میں جگمگاتی رہیں گی ۔انہوں نے مرحوم کشمیری لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ کی حکومت چوہدری غلام عباس کے نقش قدم پر چلتے ہوے الحاق پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہاکہ یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ بانی پاکستان نے خود دروازے پر آ کر رئیس الاحرار کا استقبال کیا اور وہ ان کی بڑی قدر کرتے تھے ۔

انہو ں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کے ساتھ بھی ان کی عقیدت مسلم لیگ کے ساتھ چوہدری غلام عباس کی شخصیت کو ممتاز کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسوقت جب تحریک آزادی کشمیر نازک موڑ پر ہے ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کشمیری قائدین کے نظریات کے مطابق نوجوانوں کی رہنمائی کریں ۔انہوں نے مسلمانان کشمیر کی درست سمت میں رہنمائی کی اور انہیں ایسا پلیٹ فارم دیا جس سے انہوں نے ناقابل فراموش جدوجہد کی ۔

وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کشمیری رہنماء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ رئیس الاحرار کی مسلمانان کشمیر کے لیے بڑی خدمات ہیں انہوں نے کہاکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے رئیس الاحرار کو کشمیر میں مسلم لیگ کا نمائندہ قرار دیا تھا اور وہ رئیس الاحرار سے رابطے میں رہتے تھے ۔انہو ں نے کہاکہ کشمیر کے مسلمانوں میں سیاسی بیدار ی پیدا کرنے میں جہاں بہت سی کشمیری شخصیات شامل رہیں وہاں چوہدری غلام عباس کو ان کے قائد کی حیثیت حاصل رہی ۔انہو ںنے کہاکہ آج ان کی برسی کی موقع پر تمام کشمیری قیادت اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ جدوجہد آزادی کشمیر اسوقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام حق خود ارادیت کے ذریعے الحاق پاکستان کی منزل حاصل نہیں کرلیتے ۔