آزادکشمیر بھرمیں بجلی کے بقایاجات کی وصولی کے لیے سخت ترین اقداما ت اٹھائے جائیں،راجہ نثار احمد خان

بقایاجات مقررہ تاریخ تک جمع نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں ، وزیر برقیات آزاد کشمیر

ہفتہ 17 دسمبر 2016 16:52

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء) آزادکشمیر کے وزیربرقیات، قانون وپارلیمانی امور راجہ نثار احمد خان نے کہاہے کہ آزادکشمیر بھرمیں بجلی کے بقایاجات کی وصولی کے لیے سخت ترین اقداما ت اٹھائے جائیں۔ ایسے صارفین جن کے ذمہ گذشتہ کئی سالوں سے بقایاجات ہیں انھیں فوری طور پرنوٹس جاری کیے جائیںاور انھیں بقایاجات کی وصولی کے لیے ختمی تاریخ دی جائے۔

اس کے باوجو دبھی بقایاجات مقررہ تاریخ تک جمع نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں اور وصولی کے حوالے سے کسی سے کوئی رورعایت نہ برتی جائے۔ بجلی کی چوری کی روک تھام کو یقینی بنایاجائے اور بجلی کے بلات میٹرریڈنگ کے مطابق لوگوں کو دیئے جائیں۔ لائن لاسز کو کم سے کم کیاجائے ۔ محکمہ کے جملہ افسران ریونیو جمع کرنے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں جو آفیسر ریونیوکے اہداف پورے کریں گے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

غفلت لاپروائی کرنے والوں کامحاسبہ کیاجائے گا۔ بجلی چوری میںملوث کوئی ملازم پایاگیاتو اس کے خلاف بھی بھرپورکاروائی کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے محکمہ برقیات ڈویژن میرپور کے افسران اور بجلی کے بقایاجات کی وصولی کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںممبر اسمبلی چوہدری رخسار احمد ، چیف انجینئر راجہ اعجاز خان، ناظم برقیات محمدافضل ضیائی، مہتمم برقیات کوٹلی سردار مبشر سرفراز، مہتمم برقیات سٹورڈویژن میرپورطاہر حسین رتیال، مہتمم برقیات ایم این ٹی ڈویژن اشتیاق احمدرتیال، مہتمم برقیات اوپریشن ڈویژن میرپور زیاد اکبر، ایکسین برقیات بھمبرراجہ عمرحیات،مقصوداحمد منہاس، ڈائریکٹرکمرشل برقیات میرپور محمدنعمان، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ حفیظ احمد بٹ، ریونیوآفیسربرقیات میرپور راجہ ریاض احمد خان، نائب مہتمم برقیات رضاکوثربٹ ، ایس ڈی او سٹی ون ارسلان انج، ایس ڈی او سٹی ٹو شوکت سرفراز عباسی ، یاسر ربانی بھی موجود تھے۔

اس موقع پرچیف انجینئرراجہ اعجاز خان نے وزیر برقیات کو بجلی کی ریکوری اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ وزیر برقیات راجہ نثار احمد خان نے افسران کو ہدایت کی کہ بجلی کے بقایاجات کی وصولی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدر خان کی قیادت میں آزادکشمیربھرمیں لوگوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھارہی ہے۔

دوردراز پہاڑی علاقو ں میں بجلی کے کم وولٹیج کا خاتمہ کیاجارہاہے۔ بجلی کی بہتر اور بلاتعطل فراہمی کے لیے ضروری ہے کہ بجلی کے صارفین بروقت بلات کی ادائیگی کریں اور ایسے صارفین جن کے ذمہ کئی عرصہ سے بقایاجات ہیں ان کی وصولی کے لیے تمام قانونی لوازمات پورے کیے جائیں اس کے باوجود بھی اگر بقایاجات ادانہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں ۔ انھوں نے کہاکہ بجلی کے بقایاجات کی وصولی کے سلسلہ میں کسی سے کوئی رورعایت نہ برتی جائے اور نہ ہی کوئی سیاسی اثرورسوخ قبول کیاجائے۔ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :