نامور عالم دین علامہ پروفیسر محمد عالم رضوی ؒ کا دوسرا سالانہ عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ ہو گا

ہفتہ 17 دسمبر 2016 16:45

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء)خطہ کشمیر کے نامور عالم دین ، مذہبی سکالر حضرت علامہ مولانا پروفیسر محمد عالم رضوی ؒ کا دوسرا سالانہ عرس مبارک مدرسة القرآن رضویہ پیر جمال میںنہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ انعقاد پذیر ہوا۔ عرس کی پروقار تقریب میں میلاد مصطفی ؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا عرس کی مبارک تقریب میں پروفیسر محمد عالم رضوی ؒ کے عقیدت مندوں ، شاگردوں ، آئمہ کرام ، حفاظ کرام ، قداح حضرات ، نعت خواں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔

عرس کے اجتماع کے دوران علماء کرام نے قبلہ حضرت مولانا محمد عالم رضوی ؒ کی مذہبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور سرکاردو عالم ؐ کے میلاد پر روشنی ڈالی ۔ عرس کے آغاز پر قاری نور حسین اور قاری گل محمد نے تلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کیا ۔

(جاری ہے)

بسلسلہ میلاد مصطفیؐ پر معروف نعت خواں منور حسین سیالوی ، صاحبزادہ محمد انوار رضا ، حافظ عطاء المصطفیٰ احتشام ، حافظ محمود رضا اور حافظ محمد فاروق نے گلہائے عقیدت پیش کیے ۔

مقررین نے اپنے خطابات میںکہا کہ استاد العلماء حضرت مولانا محمد عالم رضوی ؒ سرمایہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انکی دینی و مذہبی خدمات پر جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیاجائے کم ہے ۔ انکی روحانی تعلیمات اور مذہبی تحقیق و مقالہ جات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔ آپکا فیض تا قیامت جاری و ساری رہے گا آپ ؒ سچے عاشق رسول ؐ تھے جنہوںنے خطہ کے لوگوں میں عشق مصطفی ؐ کی شمع کو فروزاں کیا۔

آپ ؒ عجز و انکساری کا مجموعہ اور متقی نیک بزرگ تھے ۔ آپ ؒ کی علمی قابلیت پر آزادکشمیر و پاکستان کے علماء کرام آپ ؒ کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے ۔ مقررین نے مزید کہا کہ اولیاء کرام اسلام کے درخشندہ ستارے ہیں ان کے فیوض و برکات تاقیامت جاری رہیں گے ۔ مولانا محمد عالم رضویؒ کا شمار اللہ کے بزرگزیدہ بندوں اور ولیوں میں ہوتا ہے ۔

ان کے عرس مبارک میں شرکت کرنا باعث رحمت اور فضیلتوں بھرا ہے ۔ عرس کے پرہجوم اجتماع سے خطاب کرنے والوں میں حضرت مولانا مفتی عارف نقشبندی ( ضلعی مفتی)حضرت علامہ سید محمد یوسف شاہ (برطانیہ ) پروفیسر مولانا مفتی محمد علی اقتدار ، علامہ محمد قاسم رضوی ، قاری محمد صدیق رضا ، حافظ ضیاء المصطفیٰ صیام ، صاحبزادہ مولانا قاضی محمد ظفر رضا (ضلع قاضی) صاحبزادہ محمد محبوب رضا ، علامہ قاری شیر محمدنقشبندی ، مولانا قاری غلام مصطفی ، صاحبزادہ انوار رضا و دیگر علماء کرام شامل تھے ۔ جبکہ تقریب کی صدارت مدرسة القرآن رضویہ کے مہتمم پروفیسر محمد حسین (پرنسپل گورنمنٹ کالج افتخار آباد) نے کی جبکہ عرس کے اختتام پر ہزاروں حاضرین کرام کو پرتکلف لنگر کھلایا گیا ۔