آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے 14ویں کانووکیشن میں ‘20ہزار طلبہ کو ڈگریاں ‘45کو گولڈ میڈل 15اسکالرز کو پی ایچ ڈی اور 100کو ایم فل کی ڈگریاں جاری کر دی گئیں

نوجوانوں کو پبلک سیکٹر کے بجائے پرائیویٹ سیکٹر میں صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ملک و قوم کی خدمت کریں ‘آزادکشمیر کے سرکاری شعبہ پر بہت زیادہ بوجھ ہے ،نوجوان نسل پرائیویٹ سیکٹر کی طرف جائے ، آزادکشمیر کی یونی ورسٹیوں میں میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے صدر آزاد کشمیر چانسلر جامعہ کشمیرسردار مسعود خان کا کانووکیشن کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 دسمبر 2016 16:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء) آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے 14ویں کانووکیشن میں ،20ہزار طلبہ کو ڈگریاں ،45کو گولڈ میڈل 15اسکالرز کو پی ایچ ڈی اور 100کو ایم فل کی ڈگریاں جاری کر دی گئیں ،صدر آزاد کشمیر /چانسلر جامعہ کشمیرسردار مسعود خان نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو پبلک سیکٹر کے بجائے پرائیویٹ سیکٹر میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ملک و قوم کی خدمت کی ہدایت کی ہے،کانووکیشن کا انعقاد یو نیورسٹی کے چہلہ کیمپس میں ہوا، جس کے مہمان خصوصی صدر ریاست /چانسلر سردار محمد مسعود خان تھے، صدر ریاست نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے سرکاری شعبہ پر بہت زیادہ بوجھ ہے ،نوجوان نسل پرائیویٹ سیکٹر کی طرف جائے ، آزادکشمیر کی یونی ورسٹیوں میں میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے ،با اختیار طبقہ اختیارات کا غلط استعمال نہ کرے ،جب اداروں میں میرٹ قائم ہو گا تبدیلی خود بہ خود آجائے گی ،کشمیریوں کا مستقبل بڑا روشن ہے ،گڈ گورننس کے لیے معاشرہ کے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،جامعہ کشمیر سے فارغ التحصیل گریجویٹ خوش قسمت ہیں،طلبہ والدین اور اساتذہ کو مبار ک بادپیش کرتا ہوں ،وائس چانسلر جامعہ کشمیر کی کارکردگی قابل ستائش ہے ،انہوں نے بلا شبہ اس جامعہ کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ،مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں ،مکانیت سمیت تمام مسائل حل کرنے کا یقین دلاتا ہوں ،سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ طلبہ خود کو اپنے کردار سے ثابت کریں،زندگی میں کبھی شارٹ کٹ کا راستہ اختیار نہ کریں ،اپنی تہذیب ،اپنی خوداری ،محنت سے آگے بڑھیں ، دنیا میں کہیں ناکامی نہیں ہو گی کیوں کہ کشمیر ی بہت ذہین قوم ہے ،سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں وائس چانسلر جامعہ کشمیر کو چائینز زبان کی کلاسز شروع کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی تمام یونی ورسٹیوں کے وائس چانسلرز پر زور دیا کہ وہ بھی اس فیصلہ کی تقلید کریں ،کیوں کہ چائینہ خطہ کی سب سے بڑی معیشت بن چکا ہے اس سے دنیا اب کٹ کر نہیں رہ سکتی،اس سلسلہ میں مجھے یقین ہے کہ حکومت پاکستان اور چائینہ بھرپور تعاون کرے گی ، انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ دنیا کا خوب صورت خطہ ہے ، تمام مکاتب فکرکے لوگ گڈ گورننس ، انصاف ،احتساب کے لیے تعاون کریں ،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج روزانہ بے گناہ کشمیریوں کو مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے ،عالمی برادری خاموشی توڑ کر بھارتی مظالم بند کروائے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے ،انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو سوشل میڈیا پر اجاگر کریں تاکہ دنیا خاموشی کا روزہ توڑے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے جس پر حکومت پاکستان اور تمام سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،قبل ازیں وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے یو نیورسٹی کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کشمیر ریاست جموں و کشمیر کی وہ جامعہ ہے جس نے تین مزید جامعات کو جنم دیا، 1980میں اس کے قیام کے بعد تقریبا 5لاکھ سے زیادہ لوگ آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی سے گریجویٹ ہو چکے ہیں، نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مملکت خداداد پاکستان سے بھی لوگ یہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، گزشتہ برس جامعہ کشمیر سے 9ہزار طلبا و طالبات گریجویٹ ہوئے،جن میں سے 42طلبا و طالبات کو گولڈ میڈل دیا گیا اور 12پی ایچ ڈی اسکالرز فارغ التحصیل ہوئے، اس برس 20ہزار قریب طلباو طالبات کو ڈگریاں دی جا رہی ہیں جن میں سے 45کوگولڈ میڈل دیا جائے گا اور 15پی ایچ ڈی اسکالرز فارغ التحصیل ہوئے ہیں، اس وقت 579سے زیادہ اسکالرز آزاد کشمیر میں پی ایچ ڈی اور ایم فل ڈگری پر کام کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس وقت جامعہ کشمیر میں مختلف شعبہ جات کے 61ڈگری پروگرام چلائے جا رہے ہیں،ریسرچ سرگرمیوں کو فروٖغ دینے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، یو نیورسٹی میں 11شعبہ جات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کروائی جا رہی ہے، اس وقت جامعہ کشمیر میں 4فیکلٹی جن میں فیکلٹی آف آرٹس ، فیکلٹی آف سائنسز،فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسزاور فیکلٹی آف انجینئرنگ کام کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 95ملین کی لاگت سے گرلز ہاسٹل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا،جس میں 160کے قریب طالبات کی رہائش کی گنجائش ہے، آزاد کشمیر حکومت کی معائونت سے 40ملین روپے کی لاگت سے فیکلٹی کے دفاتر ،کمپیوٹر لیب اور کیفے ٹیریا کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا، 35ملین روپے کی لاگت سے شعبہ سافٹ ویئر کی علیحدہ بلڈنگ کی تعمیر کا آغاز کیا گیا، حکومت پاکستان نے جامعہ کشمیر کے کنگ عبد اللہ کیمپس میں سہولیات کی فراہمی کے لیے 520ملین روپے منظور کیے ہیں، جامعہ کشمیر میں شاندار ریسرچ کو دیکھتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور مختلف اداروں نے 13ملین روپے کے ریسرچ پراجیکٹ فراہم کیے، جامعہ کشمیر دور دراز علاقے میں ہونے کے باوجود بہت ساری عالمی جامعات سے باہمی تعائون کی بنیاد پر مختلف شعبہ جات میں ریسرچ کر رہی ہے، جامعہ کشمیر سے فیکلٹی ممبر اور 8پی ایچ ڈی اسکالرز سین جوز سٹیٹ یو نیورسٹی کیلی فورنیا میں پانچ ہفتے تک ریسرچ کر کے آئے، رواں برس اپریل میں 5ترکش جامعات کے ساتھ ایم او یو سائن کیے گئے، پاک چائینہ اکنامک کاریڈور کی اہمیت کو سامنے رکھتے ہوئے جامعہ کشمیر میں چینی زبان سکھانے کے کورس کا آغاز کیا گیا،یو نیورسٹی نے مختلف شعبہ کے طلبا و طالبات کو اسکالرز شپس بھی فراہم کیں ، اس وقت بھی 38فی صدطلباو طالبات جامعہ سے اسکالرز شپس حاصل کر رہے ہیں، جامعہ کشمیر نے ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے، اس سال یو م آزادی کی تقریبات کو مدنظر رکھتے ہوئے قافلہ یکجہتی کشمیر کا اہتمام کیا گیا، جس میں چیئر مین ہائر ایجوکیشن سمیت 10مختلف جامعات کے وائس چانسلرزاور 35جامعات کے 450طلبا و طالبات نے شرکت کی، شاعر مشرق علامہ اقبال کی حیات پر پیام اقبال کے عنوان سے سمینار کا انعقاد کیا گیا، وائس چانسلر نے مزید کہا کہ جامعہ کشمیر معاشرے کے دکھ اور درد سے بھی بے خبر نہ رہی معاشرے میں ہیپا ٹائٹس بی اور سی کی آگہی مہم شروع کی گئی، انہوں نے فارغ ہونے والے طلباو طالبات پر زور دیا کہ ڈگری لینے کے بعد وہ اپنی یو نیورسٹی کا نام روشن کریں اور بہترین خدمات سر انجام دیں۔

متعلقہ عنوان :