’’انداز اچھا ہے دسمبر تیر ے آنے کا ‘‘

چین میں بیس دسمبر کو ’’برف کادن ‘‘منایا جائے گا کھیل اور دلچسپی کے دیگر پروگرام بغیر ٹکٹ پیش کئے جائینگے

ہفتہ 17 دسمبر 2016 14:22

’’انداز اچھا ہے دسمبر تیر ے آنے کا ‘‘
ہربن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء)چین کے شمالی صوبے ہیلانگ جیانگ میں ’’برف کا دن ‘‘منایا جا ئے گا ، اس دن کا مقصد موسم سرما میں سیاحت کی صنعت اور معیشت کو فروغ دینا ہے جو آج کل سست روی کا شکار ہے۔صوبائی قانون سازوں نے برف کا دن ہر سال بیس دسمبر کو منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا آغاز رواں سال سے ہورہا ہے ، اس موقع پر حکومت کی موسم سرما کی کھیلوں کی سرگرمیاں اور دیگر دلچسپی کے پروگرام بھی بلا ٹکٹ پیش کئے جائیں گے ، اس موقع پر ٹریول ایجنسیاں اور قدرتی مناظر کے حامل اہم مقامات میں سیاحوں کے لئے رعایتی ٹکٹ پیش کئے جائیںگے ۔

یہ بات ہیلانگ جیانگ ٹورازم کمیٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہوووئی نے بتائی ہے ۔

(جاری ہے)

چین میں سخت سردی کا موسم 120دن تک رہتا ہے جس کے دوران ان علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیاں معطل رہتی ہیں تا ہم صوبائی حکومت نے برف کا دن منانے کا فیصلہ ان دنوں میں بھی معیشت کو فرو غ دینے اور سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے منانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلے میں ہربن میں تین لاکھ مربع میٹر پر مشتمل پارک کو کھیلوں کیلئے مکمل کیا گیا ہے ،صوبائی حکومت کا خیال ہے کہ برف کادن لوگوں کے درمیان محبت اور پیار کا دن بن جائے گا ، وہ ایک دوسرے پر برف پھینک کر لطف اٹھائیں گے اور سردی کے موسم میں معیشت کی ترقی کیلئے ایک بہتر ماحول پیدا کریں گے ، ہربن انٹرنیشنل برف فیسٹیول ہر سال جنوری میں منایا جاتا ہے ۔