ایک لاکھ سے زیادہ انسانوں کا قتل‘30ہزار سے زائد خواتین سے اجتماعی زیادتی کسی ملک کا اندرونی مسئلہ نہیں ہو سکتا‘برطانیہ اور انسانیت کے دیگر علمبردار اس ظلم کو بند کروانے میں اور کشمیر سے فوجوں کے انخلاء میں اپنا کردار ادا کریں

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی برطانیہ کے صدر انعام الحق کا بیان

ہفتہ 17 دسمبر 2016 12:58

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء) جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی برطانیہ کے صدر انعام الحق نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک لاکھ سے زیادہ انسانوں کا قتل،تیس ہزار سے زائد خواتین سے اجتماعی زیادتی کسی ملک کا اندرونی مسئلہ نہیں ہو سکتا۔برطانیہ اور انسانیت کے دیگر علمبردار اس ظلم کو بند کروانے میں اور کشمیر سے فوجوں کے انحلا میں اپنا کردار ادا کریں۔

برطانوی کشمیر ی اپنی اپنی کونسلوں میں قراردادوں کیساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے لیے شروع کیجانے والی پٹیشن کو بھی آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر برطانوی لارڈ مائنٹ بیٹن کا پیدا کردہ ہے جس کی پاداش میں اب تک لاکھوں کشمیر ی شہید ہو چکے ہیں۔اور اب برطانوی حکومتیں اسے ہندوستان اور پاکستان کا اندرونی مسئلہ قرار دیکر خاموش ہیں۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے کہا 30ہزار سے زیادہ خواتین کی باوردی فوج کے ہاتھوں اجتماعی عصمت دری کسی کا اندرونی مسئلہ نہیں ہو سکتا۔آج عالمی ضمیر کیوںسویا ہوا ہی اُنھوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ برطانیہ میں موجود ایک بلین سے زیادہ کشمیری یہاں کی حکومت کو اپنی موجودگی کا احساس دلائیں اور جسطرح برمنگھم۔سٹوک آن ٹرنٹ اور راچڈیل کی کونسلوں میں کشمیر سے فوجوں کے انحلااور 1948ء کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے حق میں قراردادیں پاس کروائی گئی ہیںاسی طرح اب برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین پر بھی دبائو ڈالا جائے کہ وہ زبانی ہمدردیاں دکھانے کی بجائے عملاً اس ادارے میں ان مظالم کیخلاف آواز اُٹھائیں۔

اُنھوں نے برطانوی کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ کے لیے برمنگھم سے شروع کیجانے والی پٹیشن پر دستخط کر کے اس مہم کو آگے بڑھائیں۔یہ مہم برطانوی کشمیریوں کے لیے اپنی موجودگی کا احساس دلانے اور اپنے مظلوم و محکوم بھائیوں اور بہنوں کیساتھ اظہار یکجہتی دکھانے کا بہترین موقع ہے۔اُنھوں نے کہا ہے کہ آج برطانیہ سمیت انسانیت کے علمبردار کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مطالم پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔اور اس عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہم بین الاقوامی کشمیریوں کی ذمہ داری ہے۔اور جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے بین الاقوامی اراکین دیگر آزادی پسند قوتوں کیساتھ ملکر اس سلسلے میں بھرپور سفارتی کردار اداد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :